(24نیوز)پشاور میں بی آر ٹی کی ایک اور بس خراب ہوگئی،تہکال سٹیشن پر بس رکنے کے باعث بسوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔جس سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
تحریک انصاف حکومت کا شاہکار منصوبہ ’’بی آر ٹی‘‘ گزشتہ کئی ماہ سے تنقید کی زد میں ہے۔پہلے تو یہ منصوبہ تاخیر کا شکار رہا،بعد میں منصوبے میں تعمیری نقائص سامنے آئے اور جب بی آر ٹی چل پڑی تو متعدد بار اس کی بسیں خراب ہونے کی خبریں زیرگردش رہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ آج صبح سویرے تہکال اسٹیشن پر پیش آیا جہاں مسافروں کو منزل پر لے جاتی بس اچانک خراب ہوگئی ،مین اسٹیشن پر بس رکنے سے پیچھے آنے والی دیگر بسوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں،جس سے مسافروں کو ایک بار پھر پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
ترجمان ٹرانس پشاور کے مطابق بی آر ٹی کی کوئی بھی بس خراب نہیں ہوئی۔بی آر ٹی تہکال اسٹیشن کے قریب مین ہول کی مرمت کی جارہی ہے۔ تہکال اسٹیشن پر راہداری کو یکطرفہ طور پر چلایا جارہا ہے۔ شہریوں کو بلال تعطل سروس فراہم کی جارہی ہے۔شہری غیر مصدقہ اطلاعات اور افواہوں پر کان نہ دھریں،ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بی آرٹی سروس بلا تعطل جاری ہے۔ شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔بی آر ٹی پشاور کے مرکزی راہداری پر تہکال پیان اسٹیشن عارضی طور پر بند ہے۔