(24نیوز)سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہے کہ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں ،اگلے مرحلےمیں لانگ مارچ اور استعفے آئیں گے، ڈیڑھ سو استعفوں کے بعد پارلیمنٹ نہیں چل سکے گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےرہنما مسلم لیگ (ن) ایاز صادق کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم کس نے وکٹ کے دونوں جانب کھیلنے کی بات کی، جس نےبھی یہ بات کی اس نے پارٹی کی خدمت نہیں کی۔ وکٹ کی دونوں طرف کھیلنے کی بات کرنے والوں کوسوچنا چاہیے کہ وہ کدھر کھڑےہیں، مجھےتو وکٹ کی دونوں طرف کوئی کھیلتا نظر نہیں آتا، جس نے یہ بات کی وہ خود ہی کھیل رہا ہو گا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ن لیگ کے سینئر رہنما جاوید لطیف نے انکشاف کیا تھا کہ ہماری پارٹی کی اسٹیبلشمنٹ اب کمزور ہوگئی ہے، لوگ ایسے ہیں جو وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں۔وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے والوں کو قیادت جانتی ہے، مریم نواز نے پارٹی اجلاس میں جزا اور سزا کی بات کی ہے۔
واضح رہے کہ لیگی رہنما ایاز صادق ساتھیوں کے ہمراہ آج انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت پیش ہوئے تھے۔ جج اعجاز احمد بٹر نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد ایاز صادق سلمان رفیق سمیت 18مسلم لیگی رہنماؤں کی عبوری ضمانتیں کنفرم کر دیں۔