بھارت اور بنگلہ دیش میں7 معاہدوں پر دستخط، ریلوے بحال

Dec 18, 2020 | 12:16:PM

(24 نیوز)بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان باہمی تعاون کے7 معاہدوں پر دستخط کئے گئے ہیں،  بنگلہ دیش کی  آزادی کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر بھارت نے بنگلہ دیش کیلئے پانچواں ریلوے روٹ ہلدی باڑی، چلہاٹی ریلوے لائن کا آغاز کر دیا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کے مابین دو طرفہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ سربراہی اجلاس میں دونوں ممالک کے مابین معاہدوں پر دستخط کیے گئے ، ان معاہدوں میں ہائیڈرو کاربن، ماحولیات، ثقافت، زراعت اور تجارت کے شعبوں کے علاوہ بلدیاتی اداروں اور عوامی شعبے کے منصوبوں کے ذریعہ کمیونٹی ڈیویلپمنٹ پروجیکٹوں کے نفاذ کے لئے مالی اعانت اور بھارت اور بنگلہ دیش میں سی ای او فورم کی تشکیل سے متعلق سمجھوتے شامل ہیں۔
اجلاس کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں دونوں وزرائے اعظم نےکہا کہ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے مابین 1965 سے پہلے کے ریلوے روٹوں کو بحال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مغربی بنگال میں ہلدی باڑی اور بنگلہ دیش میں چلہاٹی کے مابین ریلوے لائن کا مشترکہ افتتاح کیا ۔
اس موقع پر بنگلہ دیش کے راجشاہی میں سٹی ڈیویلپمنٹ اینڈ بیوٹیفیکیشن پروجیکٹ اور کھلنا میں کالج گرلز اسکول کی تعمیر کا افتتاح کیا گیا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کرونا کی صورتحال بہتر ہونے کے ساتھ ہی دونوں ممالک کے مابین ٹرینوں کی سروس بحال کی جائے گی۔ 

مزیدخبریں