سینٹ الیکشن:وزیراعظم کو اپنے ارکان پر اعتماد نہیں، سراج الحق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)سراج الحق کا کہنا ہے کہ حکومت شوآف ہینڈ اس لئے چاہتی کہ ان کے ارکان انہیں ووٹ نہیں دیں گے۔وزیراعظم کو خود اپنے ارکان پر اعتماد نہیں ہے۔
امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے حکومت کو متناسب نمائندگی پرسینٹ الیکشن کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جمہوریت پر اعتماد کو بحال کرنا ہے تو الیکشن کو شفاف بنانا ہوگا۔سینٹ کا الیکشن شیڈول کے مطابق مارچ میں ہونا چاہیے۔متناسب نمائندگی میں بھی خریدو فروخت ہوتی رہی ہے،حکومت کوجلدی ہے توانتخابات کا طریقہ کارتبدیل کرے۔
سانگھڑ کے تعلقہ ٹنڈو آدم میں عبد العزیز غوری کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت سینیٹ میں شو آف ہینڈ کے ذریعے الیکشن کروانے کےلئے مجبور ہے حکومت کی اپنی کوتاہیوںکے باعث پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی انہیں ووٹ نہیں دیں گے اس لئے سینٹ کے الیکشن کے طریقہ کار کو تبدیل کرنا چاہتی ہے،انہوں نے کہا کہ عمران حکومت نے 900دنوں میں ملک کو کمزور کردیا ہے کشمیر کو انڈیا کے حوالے کردیا گیا جو کشمیرمیں شہید ہونے والے پانچ لاکھ کشمیریوں کے خون سے غداری ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں مہنگائی عروج پر ہے، اسٹیبلشمنٹ نے عمران خان کو منہ میں دودھ کی بوتل دی ہے ،اپوزیشن کو اس کا افسوس ہے کہ وہ بوتل اپوزیشن کے منہ میں کیوں نہیں دی گئی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ ایک طرف پی ٹی آئی کی حکومت ہے دوسری جانب گیارہ جماعتی اتحاد پی ڈی ایم کا جھگڑا نظام بدلنے کےلئے نہیں انھیں اپنا اقتدار لینے کی جدوجہد ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ عمران کہہ رہا ہے ظلم ہے جبکہ بلاول بھٹو،مریم نواز اور مولانافضل الرحمن بھی ظلم کا کہہ رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ اقتدار میں رہنے والی جماعتیں بھی ظلم کا روگ الاپ رہی ہیں، دوسری جانب آئی ایم ایف سے قرض لینے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کرنے اور امریکا کی غلامی کرنے سمیت ساری باتوں پر متفق ہیں جبکہ 73 سال میں ملک کا جو بیڑا غرق کیا ہے ہم آج بھی ایسٹ انڈیا کمپنی کے غلاموں کے بھی غلام ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ ہم ملک پاکستان کو اسلامی ریاست بنانے کےلئے میدان میں اترے ہیں ہم بھی ایک مشن اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام لے کر آئے ہیں ہیں، ملک کی بائیس کروڑ عوام غور کرے ملک کی بھلائی کس میں ہے ۔