بھارت پاکستان میں سرجیکل سٹرائیک کی تیاری کررہا ہے،شاہ محمود قریشی

Dec 18, 2020 | 17:30:PM

(24 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کے مذموم عزائم سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں سرجیکل سٹرائیک کی تیاری کر رہا ہے۔
ابوظہبی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کی سازشوں سے پوری طرح آگاہ ہے، ہم پرامن ملک ہیں، تاہم ازلی دشمن بھارت نے کوئی کارروائی کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت اندرونی حالات سے توجہ ہٹانے کےلئے خطرناک کھیل کھیلنا چاہتا ہے، پاکستان میں دہشتگردی کو ہوا دینے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔
وزیر خارجہ نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال اور بھارت میں اقلیتوں سے امتیازی سلوک پر بھی تشویش کا اظہار کی۔
دوسری جانب مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سرجیکل سٹرائیک کی بھارتی سازش کی قابل اعتماد معلومات موجود ہیں۔معید یوسف کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے کرتوت بے نقاب ہونے پر پریشان ہے، اس لئے اس کی مایوسی مضحکہ خیز سطح پر پہنچ چکی ہے، ہم نے دنیا کو آگاہ کر دیا ہے کہ پاکستان بھارت کے عزائم کو جانتا ہے۔

مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ کچھ ممالک اس سے پہلے سے آگاہ تھے، دنیا کو یاد رکھنا چاہیے کہ امن ایک اجتماعی ذمہ داری ہے، دنیا کو چاہیے کہ وہ بھارت کو خطے کو غیر مستحکم کرنے سے روکے۔ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان پرامن ملک ہے، تاہم پاکستان کو اشتعال دلایا گیا تو مسلح افواج جارحیت کو ناکام بنانے کےلئے تیار ہیں۔

مزیدخبریں