(24 نیوز)بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ سے اقوام متحدہ فوجی مبصرین کی گاڑی کو نقصان پہنچا، گاڑی میں موجوداقوام متحدہ کے دونوں فوجی مبصرین محفوظ رہے۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے آئی ایس پی آر کے مطابق اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین پولاس گاﺅں میں متاثرین سے ملنے جا رہے تھے ،اقوام متحدہ کی گاڑیاں واضح طورپردورسے بھی پہچانی جاتی ہیں ،بھارتی فورسزنے چری سیکٹر میں جان بوجھ کراقوام متحدہ کی گاڑیوں کونشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے اقوام متحدہ کی گاڑی کو نقصان پہنچا، تاہم گاڑی میں موجود اقوام متحدہ کے دونوں فوجی مبصرین محفوظ رہے،آئی ایس پی آر کاکہنا ہے کہ دونوں اقوام متحدہ مبصرین کوپاک فوج نے بحفاظت راولاکوٹ منتقل کردیاگیا۔
گاڑیوں پر یو این لکھا دور سے دیکھا جاسکتا تھا،بھارتی فورسز کا یہ غیرقانونی اقدام تمام بین الااقومی قوانین کی خلاف ورزی ہے،آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت ایل او سی نہ صرف شہریوں کو بلکہ اقوام متحدہ کے اہلکاروں کو نشانہ بنارہا ہے،اس اقدام یہ واضح ہوگیا ہے کہ بھارت اقوام متحدہ چارٹر کو بھی نظر انداز کر دیا، آئی ایس پی آرکا کہناہے کہ اقوام متحدہ کے مبصر مشن سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں،اقوام متحدہ مشن کے اہلکاروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
ادھر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان سیز فائر معاہدے کی بھارتی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتا ہے، پاک افواج کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں،بھارتی افواج نے آج چری کوٹ سیکٹر میں اقوام متحدہ ملٹری آبزرور گروپ کی گاڑی کو نشانہ بنایا،ملٹری آبزرور گروپ کی گاڑی کو نشانہ بنانا بین الاقوامی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی ہے۔
میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ بھارت کو کسی بھی مہم جوئی پر حالات کی سنگینی کا اندازہ ہونا چاہئے، پاکستان عالمی برادری سے بھارتی مہم جوئی روکنے کا مطالبہ کرتا ہے۔
زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے چری سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی اور اقوام متحدہ کے مبصرین کی گاڑی کو نشانہ بنایا، تاہم خوش قسمتی سے گاڑی میں سوار افراد محفوظ رہے، پاکستان بھارت سے 2003 فائر بندی معاہدے کی پاسداری کا مطالبہ دہراتا ہے۔