(24 نیوز)یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن میں سستے گھی کی خریداری میں 70 کروڑ روپے کے نقصان کا انکشاف ہوا ہے۔
یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن کی انٹرنل آڈٹ رپورٹ میں 70 کروڑ روپے کے نقصان کی نشاندہی کی گئی، ٹیم نے جنوری 2020 سے مارچ 2020 کا خصوصی آڈٹ کیا ہے۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق گھی کے ایک برانڈ کو37 کروڑ 80 لاکھ روپے کا غیر قانونی مالی فائدہ دیا گیا، گھی کے برانڈ سے مقرر قیمت 153 کی بجائے 190 روپے فی کلو گھی خریدا گیا۔رپورٹ کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز نے ایک برانڈ سے 1 کروڑ20 لاکھ کلو گرام گھی 190 روپے پر خریدا۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق پانچ مختلف برانڈز سے مہنگا گھی خرید کر 12 کروڑ 90 لاکھ کا نقصان پہنچایا گیا۔ آڈٹ رپورٹ میں بتا یا گیا ہے کہ گھی فراہم کرنے والے وینڈرز سے 19 کروڑ فنڈز واپس نہ کرنے پر کارپوریشن کو نقصان ہوا۔ رپورٹ کے مطابق سال 2020 کا مکمل آڈٹ کروایا جائے تو اربوں کا نقصان سامنے آسکتا ہے۔ آڈٹ رپورٹ میں ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی سفارش کی گئی۔
یوٹیلٹی سٹورز میں سستے گھی کی خریداری میں 70 کروڑ کے نقصان کا انکشاف
Dec 18, 2020 | 21:09:PM