(24نیوز) او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا 17 واں اجلاس اتوار کو اسلام آباد میں ہوگا۔ رکن ممالک اور مبصرین کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے۔ اجلاس میں افغانستان میں معاشی و اقتصادی بحران سے نمٹنے پر مشاورت ہوگی۔
افغانستان کی صورتحال پر سعودی عرب کی تجویز اور پاکستان کی میزبانی میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے وزرا خارجہ کی کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کیلئے سیکرٹری جنرل، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرلز کے علاوہ اسلامی ممالک کے وزرا خارجہ کی ایک بڑی تعداد اسلام آباد پہنچ چکی ہے۔
ہفتہ کو اجلاس میں شرکت کیلئے دن بھر مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ یہ غیر معمولی اجلاس پارلیمنٹ ہائوس کے قومی اسمبلی ہال میں منعقد ہو گا جس کیلئے ہال کو مسلم ممالک کے پرچموں سے سجایا گیا ہے۔
اجلاس کا افتتاحی سیشن دن ساڑھے 11 بجے ہو گا جس سے وزیراعظم عمران خان کلیدی خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ ، سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی خطاب کریں گے جبکہ شام ساڑھے 6 بجے اجلاس کے اختتام پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے اس غیر معمولی اجلاس کی وجہ سے ہفتہ اور پیر کو اسلام آباد کی سطح پر مقامی تعطیل کی گئی ہے وفاقی دارالحکومت میں فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔
اس اجلاس کے موقع پر ریڈ زون میں عام شہریوں کا داخلہ بند ہو گا۔ اس دوران میٹرو بس سروس کے اسلام آباد میں ابتدائی تین سٹیشن اور تمام ہائیکنگ ٹریکس بند رہیں گے۔ اجلاس کے دوران شاہراہ دستور ٹریفک کیلئے بند ہو گی۔او آئی سی کے خصوصی اجلاس میں شرکت کے لیے 54 ممالک سے 150 سے زائد وفود اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 7500 ، 15000 ، 25000 اور 40000 کے پرائز بانڈز رکھنے والوں کے لیے خوشخبری
او آئی سی کا یہ خصوصی سیشن افغانستان میں ابھرتے ہوئے انسانی کرائسز کے تناظر میں ہورہاہے ۔ کرغزستان کے ڈپٹی وزیر خارجہ کے پاکستان پہنچنے پر وزیرمملکت علی محمد خان نے ان کا استقبال کیا۔ سمٹ میں شرکت کے لیے افغانستان کے لیے جرمنی کے خصوصی نمائندہ اور سفیر جسپر ویک بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ بوسنیا کی وزیر خارجہ بسیرا ترکووک کے او آئی سی سیشن کے لیے پہنچنے پر وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے استقبال کیا۔ انڈونیشیاء کی وزیر خارجہ ریٹو مرسودی کا بھی اسلام آباد میں زبیدہ جلال نے استقبال کیا اور خوش آمدید کہا۔ ملائیشیاء کا وفد بھی پاکستان پہنچ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 105 والا کاغذ 140 روپے فی کلو ۔۔نصابی کتب کی قیمتوں میں20فیصد تک اضافہ