انسانی بحران شدت اختیار کر سکتا ہے، عالمی برادری افغانستان پر فوری توجہ دے۔۔شاہ محمود قریشی

Dec 18, 2021 | 23:16:PM
شاہ محمود قریشی ،وزیر، خارجہ
کیپشن: شاہ محمود قریشی (فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری سے افغانستان پر فوری توجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہےکہ اگر افغانستان میں روزگار اور امن نہیں ہوگا تو مہاجرین وطن واپسی سے کترائیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس کے تناظر میں صحافیوں سے گفتگو میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان نازک صورتحال سے دو چار ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر دنیا نے فوری توجہ نہ دی تو افغانستان میں انسانی بحران شدت اختیار کر سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے مفاد میں ہے کہ افغانستان کی صورتحال کو مزید خراب نہ ہونے دیا جائے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں مہاجرین کا بحران پیدا ہوا تو پاکستان اور ایران تک محدود نہیں رہے گا بلکہ مہاجرین روزگار کیلئے یورپ کے دروازوں پر بھی دستک دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ مہاجرین کی واپسی کیلئے افغانستان میں سازگار ماحول ہونا سب سےاہم ہے، اگر افغانستان میں روزگار اور امن نہیں ہوگا تو مہاجرین وطن واپسی سے کترائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت افغانستان میں جنگ نہیں ہورہی بلکہ وہاں بھوک کا مسئلہ ہے اور معطل بینکنگ سسٹم کو فوری بحال کرنے کی ضرورت ہے، انھوں نے کہا کہ افغانستان میں عبوری طالبان حکومت کے پاس تنخواہیں دینے کے پیسے نہیں ہیں۔انھوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی میں تجربے کار وزرائے خارجہ آرہے ہیں اور امید ہے کہ ان کا فیصلہ مثبت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: جو بائیڈن کے اوسان خطا۔۔۔خاتون نائب صدر کو  نیا عہدہ دیدیا