اسمبلیوں کی تحلیل کا اعلان، شہبازشریف کا نوازشریف سے رابطہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )عمران خان کی جانب سے اسمبلیوں کی تحلیل کے اعلان کے بعد وزیراعظم شہبازشریف نے نوازشریف سے رابطہ کیا ہے اور لاہور میں اہم اجلاس جاری ہے۔
گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے خیبرپختون خوا اور پنجاب کی اسمبلیاں آئندہ جمعہ 23 دسمبر کو تحلیل کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد وزیراعظم شہبازشریف نے اپنی جماعت کا اہم اجلاس طلب کیا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ن لیگ کا اہم اجلاس ماڈل ٹاون لاہور میں جاری ہے، جس میں پارٹی کے اہم رہنما اور مرکزی قائدین شریک ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف سے بھی رابطہ کیا ہے اور عمران خان کے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان پر مشاورت کی ہے۔
شہبازشریف کی رہائش گاہ میں جاری اجلاس میں عمران خان کے اعلان اور اتحادیوں کے معاملات پرغور کیا جارہا ہے، اوراسمبلیاں بچانے کے لئے قانونی اور آئینی معاملات کے مختلف پہلوؤں پر بات ہورہی ہے، جب کہ عدم اعتماد لائی جائے یا اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا جائے، اس حوالے سے مشاورت جاری ہے۔
اس اہم اجلاس میں آئینی اور قانونی ماہرین بھی شریک ہیں، جب کہ اس مشاورت کے بعد اتحادیوں سے بھی مشاورت کی جائے گی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے رہنماؤں کو پی ڈی ایم جماعتوں سے رابطوں کا ٹاسک دے دیا ہے۔ وفاقی وزراء پی ڈی ایم کی قیادت سے رابطہ کریں گے۔