شہباز شریف اور آصف زرداری کی ملاقات، اہم امور پر اتفاق

Dec 18, 2022 | 18:16:PM

(24 نیوز)وزیراعظم شہباز شریف اور سابق صدر، پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی لاہور میں اہم ملاقات ہوئی ،دونوں قائدین میں وزیراعظم کی ماڈل ٹاؤن میں رہائش گاہ پر تفصیلی ملاقات ہوئی ،دونوں قائدین نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، معیشت سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں قائدین کی ملاقات میں فیصلہ ہوا کہ ملک میں کسی کو سیاسی عدم استحکام پیدا نہیں کرنے دیں گے،ملاقات میں معیشت کو ڈیفالٹ کرانے کی سازشیں کرنے والوں کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کا بھی فیصلہ کیاگیا، اس کے علاوہ عوام کے ریلیف، معاشی سرگرمیوں میں اضافے سے متعلق امور پر مشاورت ہوئی۔
دونوںقائدین نے معاشی بہتری کے ساتھ عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے نجات دلانے کے اقدامات تیز کرنے پر اتفاق کیا،سابق صدر نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر وزیراعظم شہباز شریف کی کاوشوں کو سراہا ۔
ملاقات میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور سردی سے بچانے کیلئے امدادی کام مزید تیز کرنے اوراتحادی جماعتوں کی سیاسی طاقت بڑھانے پر اتفاق کیاگیا، دونوں قائدین نے اتفاق کیاکہ سیاسی استحکام پاکستان کی معاشی ترقی کےلئے ضروری ہے،پاکستان کو معاشی خطرات سے بچانے کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف اورسابق صدر آصف زرداری نے اتفاق کیا کہ سیاسی استحکام، معاشی بہتری کیلئے اتحادی حکومت ثابت قدمی سے آگے بڑھتی رہے گی،ملاقات میں وزیر اعظم کے معاونین خصوصی ملک محمد احمد خان اور عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں