اب اگر جنرل باجوہ کیخلاف بات کی گئی تو سب سے پہلے میں بولوں گا،پرویز الٰہی

Dec 18, 2022 | 23:07:PM

(24 نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے عمران خان سے اختلافات کھل کر سامنے آ گئے، جنرل باجوہ کیخلاف باتوں پر برہم ہو گئے ۔
لاہور میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو میں چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ جب عمران خان جنرل باجوہ کیخلاف بات کررہے تھے تو مجھے بہت برا لگا،وزیراعلیٰ پنجاب کا کہناتھا کہ سابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کے عمران خان پر بہت احسانات ہیں،احسان فراموشی نہ کی جائے، انہوں نے کہاکہ اب اگر جنرل باجوہ کیخلاف بات کی گئی تو سب سے پہلے میں بولوں گا،میری ساری پارٹی بولے گی۔
چودھری پرویز الٰہی کا مزید کہناتھا کہ عمران خان تو مونس الٰہی کو ساتھ بھی نہیں بٹھاتے تھے، اس کے باوجود ہم نے عمران خان کا ساتھ دیا، جب عمران خان نے کہا اسمبلی توڑ دو تو ہم نے فوراً حامی بھرلی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ویڈیو لنک خطاب میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو ساتھ بٹھا کر سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ الزام تراشی کی،عمران خان گولہ باری کرتے رہے اور چودھری پرویز الٰہی مسلسل پہلو بدلتے رہے ان کے چہرے کے تاثرات بھی غیر معمولی تبدیلی کو ظاہر کررہے تھے۔
اس وقت تو چودھری صاحب خاموش رہے مگر انٹرویو میں خوب دل کی بھڑاس نکالی،صاف کہا خان صاحب کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا،پہلے بھی جب خان صاحب نے جنرل ریٹائرڈ باجوہ پر تنقید کی تو چودھری پرویز الٰہی نے انہیں وضع داری کاسبق دینے کیلئے باجوہ صاحب کا احسان یاد کرایا تھا۔
بتایا تھا کہ انہوں نے جنرل باجوہ کے کہنے پرہی عمران خان کا ساتھ دیا،کچھ سبق انسانوں کے سکھانے سے نہیں آتے وقت کی ٹھوکر ضروری ہوتی ہے مگر شاید وقت کی ٹھوکر بھی فطرت کو نہیں بدل سکتی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی سے ہمارا اتحاد قائم ہے اور انشا اللہ رہے گا، مونس الٰہی

مزیدخبریں