توہین الیکشن کمیشن کیس؛ بانی تحریک انصاف کی جیل ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد

Dec 18, 2023 | 17:54:PM

(ملک اشرف)لاہور ہائیکورٹ نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی توہین الیکشن کمیشن کیس میں فوری جیل ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد کر دی ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی توہین الیکشن کمیشن میں جیل ٹرائل کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی،سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے اشتیاق اے خان ،سمیر کھوسہ ایڈووکیٹ جبکہ الیکشن کمیشن کے وکیل بھی پیش ہوئے ۔
 جسٹس مس عالیہ نیلم نے درخواست گزار وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے جیل ٹرائل کے کورٹ آرڈر کی نوٹیفیکیشن کی مصدقہ کاپی نہیں لگائی ہے ؟ ایڈووکیٹ اشتیاق اے خان نے جواب دیا یہ کاپی ویب سائٹ پر ہر ایک کیلئے دستیاب ہے۔ جسٹس عالیہ نیلم نے کہا آپ پہلے کاپی لگائیں، اس کے بعد آگے چلیں گے، ایڈووکیٹ اشتیاق اے خان نے کہا ہم نے کاپی اپلائی کی ہوئی ہے۔
 ایڈووکیٹ اشتیاق احمد خان نے عدالتی حکم پر درخواست کی استدعا پڑھی ، جسٹس عالیہ نیلم نے استفسار کیا الیکشن کمیشن کی سماعت کہاں پر ہونا ہے ؟ اڈیالہ جیل یا اسلام ہائیکورٹ میں ؟ ایڈووکیٹ اشتیاق اے خان نے جواب دیاکہ اڈیالہ جیل میں ،فاضل جج صاحبہ نے استفسار کیا اس کیس کا فیصلہ سنگل بینچ کر سکتا تھا، پھر فل بینچ میں یہ کیس کیوں آیا ؟ وکیل نے جواب دیا کہ مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے کہ یہ کیس سنگل بینچ سن لے ، جسٹس عالیہ نیلم نے کہا یہ کیس بھی راولپنڈی بینچ جانا چاہیے ، کیا جیل ٹرائل کا ہوم ڈیپارٹمنٹ کا نوٹیفیکیشن جاری ہوا ہے ؟
 ایڈووکیٹ اشتیاق اے خان نے جواب دیا نوٹیفیکیشن جاری نہیں ہوا ہے، اس لیے آپ یہ کیس یہیں معطل کر دیں،ہمیں ابھی نوٹس نہیں ہوئے ہیں اور دوسرا میں چیک کرکے بتاتا ہوں
 الیکشن کمیشن کے وکیل نے بتایا کہ ہوم ڈیپارٹمنٹ نے 8 ستمبر کو جیک ٹرائل کرنے کے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جسٹس عالیہ نیلم نے کہا اڈیالہ جیل راولپنڈی میں ہے اس عدالت کا دائرہ اختیار اسلام آباد اور راولپنڈی کا ہے ، درخواست گزار وکیل نے کہا سابق چیئرمین پی ٹی آئی جب لاہور میں تھا اس وقت نوٹسز زمان پارک میں وصول کروائے گئے ،کیس کل سابق چیئرمین پی ٹی آئی پر فرد جرم عائد کیلئے فکس ہے ، ،عدالت نے جیل ٹرائل فوری روکنے کی استدعا مستردکرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 22 جنوری تک ملتوی کردی ۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں ایک کے بعد ایک زلزلہ کے جھٹکے، وفاقی دارالحکومت لرز اُٹھا

مزیدخبریں