محسن نقوی کا کنگ فہد سکیورٹی کالج کا دورہ، اعلیٰ تعلیم کے جدید معیار کو سراہا
چئیرمین پی سی بی کی سعودیہ کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین سے ملاقات،چیمپئینز ٹرافی کے میچز دیکھنے کی دعوت دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کنگ فہد سکیورٹی کالج کا تفصیلی دورہ کیا ہے۔
دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل کنگ فہد سکیورٹی کالج میجر جنرل ڈاکٹر علی الدایج نے محسن نقوی کا استقبال کیا، وفاقی وزیر داخلہ نے کنگ فہد سکیورٹی کالج کے مختلف شعبے دیکھے اور اعلیٰ تعلیم کے جدید معیار کو سراہا، انہوں نے کنگ فہد سکیورٹی کالج کے ماسٹر پروگرام کی تعریف کی اور اسے نئے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ قرار دیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کنگ فہد سکیورٹی کالج کے 5 سالہ سٹریٹجک پلان کی ستائش کی اور کالج کے ڈائریکٹر جنرل کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے ڈائریکٹر جنرل کنگ فہد سکیورٹی کالج ڈاکٹر علی الدایج سے ملاقات کی، اس دوران ایکسچینج پروگرام کے تحت دونوں ممالک کے گریجویٹس کے سٹڈی ٹورز اور ٹریننگ کرانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، محسن نقوی نے کنگ فہد سکیورٹی کالج کے ماسٹر ڈگری کے گریجویٹس کو ایکسچینج پروگرام کے تحت سٹڈی ٹورز پر پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔
دوران ملاقات پاکستانی گریجویٹس کو مختصر مدت کے تربیتی کورسز کنگ فہد سکیورٹی کالج میں کرانے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کنگ فہد سکیورٹی کالج بلاشبہ سٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ ہے، سکیورٹی سے متعلق امور پر جدید ترین کالج سعودی قیادت کی جدید و منفرد سوچ کا عملی نمونہ ہے۔
محسن نقوی نے کالج میں قائم فرنزاک سائنس انسٹی ٹیوٹ کا بھی دورہ کیا، اس دوران وفاقی وزیر داخلہ کو کنگ فہد سکیورٹی کالج کی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دوران بریفنگ کہا گیا کہ کنگ فہد سکیورٹی کالج میں آرٹیفشل انٹیلیجنس، لیڈر شپ مینجمنٹ اور سکیورٹی اپلیکیشنز میں ماسٹر ڈگری دی جاتی ہے،کنگ فہد سکیورٹی کالج انٹرنیشنل یونیورسٹیز کو سکیورٹی سکالر شپ بھی دیتا ہے۔
بعد ازاں چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے چئیرمین سعودیہ کرکٹ فیڈریشن سے ملاقات کی اور انہیں چیمپئینز ٹرافی ٹورنامنٹ کے میچز دیکھنے کیلئے پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے ریاض میں سعودی عربیہ کرکٹ فیڈریشن (ایس اے سی) کے چئیرمین شہزادہ سعود بن مشعل السعود سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ اور کھلاڑیوں کی ڈویلپمنٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے چئیرمین سعودی عربیہ کرکٹ فیڈریشن کو چیمپئینز ٹرافی ٹورنامنٹ کے میچز دیکھنے کیلئے پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
محسن نقوی نے کرکٹ کے فروغ اور سٹیڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے سعودی عرب کے کھلاڑیوں کو تربیت دینے کی بھی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ ڈویلپمنٹ کیلئے پلئیرز ایکسچینج پروگرام شروع کیا جاسکتا ہے۔
سعودی عرب اپنے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو پاکستان بجھوا سکتا ہے اور کرکٹ ڈویلپمنٹ اور اسٹیڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے پوری معاونت کریں گے، سعودی عرب ہر پاکستانی کا دوسرا گھر ہے، تعاون پر خوشی ہوگی۔
چیئرمین سعودی عربیہ کرکٹ فیڈریشن نے کہا کہ ہم پلئیرز ڈویلپمنٹ پر کام کررہے ہیں، کرکٹ کے تقریبا 18 ہزار کھلاڑی ہیں۔
سعودی عرب نے ایشین کرکٹ کونسل کا چیلنج کپ بھی جیتا ہے، پاکستان کے ساتھ کرکٹ کے فروغ کیلئے قریبی تعاون کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں۔