(24 نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ مری کے شہریوں کو ان کی تعمیر شدہ عمارت کو گرانے کا کہا جا رہا ہے، بدقسمتی سے مری کے شہریوں کو اتنا تنگ کیا جا رہا ہے کہ وہ سراپا احتجاج ہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مری ایک منفرد حیثیت کا حامل ہے، جب عمارتیں زیر تعمیر تھیں تو یہ محکمۂ جات کہاں تھے، متاثرین نے مجھے جو صورتِ حال بتائی وہ انتہائی تشویشناک ہے، سیاسی قائدین اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔
راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ جو سابق اراکین اسمبلی مری گئے ان پر بھی انتظامیہ نے ایف آئی آر کاٹی، اس صورتِ حال کو فوری طور پر سمجھنے کی کوشش کی جائے، جتنی بھی ایف آئی آرز کاٹی گئی ہیں ان کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مری کی انتظامیہ اس ساری صورتِ حال کی ذمے دار ہے، انتظامیہ کو اس مسئلے کا فوری طور پر حل نکالنا چاہیے تھا، یہاں کہا جا رہا ہے کہ جو لوگ پیسے دیتے ہیں ان کی عمارتوں کو چھوڑ دیا جاتا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما کا مزید کہنا ہے کہ یہ مسئلہ کسی بھی وقت تشویشناک صورتِ حال اختیار کر سکتا ہے، میرا تعلق اسی خطے سے ہے اس لیے میری ذمے داری تھی کہ آپ سب تک بات پہنچائی جائے۔
راجہ پرویز اشرف نے یہ بھی کہا کہ علاقے کے سیاسی قائدین کے خلاف ایف آئی آرز کی جائیں گی تو مسئلے کو حل کون کرے گا، اس مسئلے پر جن لوگوں نے رشوت لی ہے ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔