جیل اصلاحاتی کمیٹی کا چیف جسٹس کو خط، بانی تحریک انصاف تک رسائی مانگ لی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(امانت گشکوری) جیل اصلاحاتی کمیٹی کی رکن خدیجہ شاہ نے اڈیالہ جیل انتظامیہ کی طرف سے بانی تحریک انصاف کے بیرک تک رسائی نہ دینے کے خلاف سپریم کورٹ کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھا ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ جیل اصلاحاتی کمیٹی کو سابق وزیر اعظم تک رسائی دیے جانے کے احکامات جاری کیے جائیں۔
چیف جسٹس پاکستان کو ارسال کیے گئے خط میں اڈیالہ جیل راولپنڈی کے حالیہ دورے کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔ کمیٹی نے دورے کے دوران جیل کے سپرنٹینڈنٹ اور عملے کی موجودگی میں مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ ان کے مشاہدے کے مطابق، جیل میں صفائی کا خاص خیال رکھا گیا تھا۔
کمیٹی نے جیل کے ہسپتال، خواتین کی بیرک، دماغی صحت کے مسائل، اور منشیات کے قیدیوں کی بیرکس کا بھی دورہ کیا۔ اس کے علاوہ، انہوں نے سزائے موت کے قیدیوں سے بھی ملاقات کی۔ اڈیالہ جیل میں گزشتہ دو سالوں کے دوران کئی سیاسی قیدی رکھے گئے ہیں، جن میں پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی بھی شامل ہیں۔
کمیٹی نے سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق جیل کے عملے کی نگرانی کے بغیر آزادانہ گھومنے کی اجازت طلب کی، لیکن جب انہوں نے سابق وزیر اعظم کی بیرک میں جانے کی درخواست کی تو جیل انتظامیہ نے رسائی دینے سے انکار کر دیا۔ ڈی آئی جی جیل خانہ جات سے درخواست کے باوجود، کمیٹی کو ملاقات کے لیے رسائی نہیں دی گئی۔
کمیٹی نے درخواست کی ہے کہ ایک بار پھر اڈیالہ جیل کے دورے کے احکامات دیے جائیں اور سابق وزیر اعظم تک رسائی فراہم کی جائے، کیونکہ ان کی رائے جانے بغیر جیل اصلاحاتی کمیٹی سپریم کورٹ کو اپنی رائے نہیں دے سکتی۔
یہ بھی پڑھیں: نئی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بابراعظم کی ترقی