وزیر اعظم نے افسروں کی گریڈ 20 ، 21 میں ترقی کیلئےسلیکشن بورڈ تشکیل دے دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(بابر شہزاد تُرک) وزیراعظم شہباز شریف نے سنٹرل سلیکشن بورڈ کی تشکیل کی منظوری دے دی۔
24 نیوز کو موصول ہونے والے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی بیوروکریٹس کی گریڈ 20 اور 21 میں ترقی کی منظوری کیلئے 23 سے 27دسمبر تک شیڈول سنٹرل سلیکشن بورڈ کی تشکیل کی وزیراعظم شہباز شریف نے منظوری دی ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بورڈ کے چیئرمین، چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن لیفٹننٹ جنرل(ر) اختر نواز ستی ہوں گےجبکہ 3 ارکانِ پارلیمنٹ سینیٹر سعدیہ عباسی، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ایم این اے جاوید حنیف خان کو بورڈ ممبر بنایا گیا ہے۔4 سرکاری افسران کو بھی بورڈ کا ممبر مقرر کیا گیا ہے۔ ان افسران میں پنجاب سے سیکریٹری خزانہ ڈویژن امداد اللہ بوسال، سندھ سے گریڈ 22 کی ریٹائرڈ افسر رابعہ جویریہ آغا، خیبر پختونخوا سے سیکریٹری بحری امور ڈویژن سید ظفر علی شاہ اور بلوچستان سے گریڈ 22 کے ریٹائرڈ افسر غیاث الدین کو بورڈ ممبر نامزد کیا گیا ہے جبکہ بلحاظ عہدہ نامزد کئے جانے والے افسر سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، سیکرٹری کابینہ ڈویژن اور چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز بھی بورڈ میں شامل ہیں۔
مزید برآں پولیس افسروں کی ترقی کے کیسز میں تمام صوبوں کے آئی جی پولیس اور وفاقی سیکرٹری داخلہ بھی اجلاس میں شرکت کریں گے جبکہ جس وزارت کے افسران کا پروموشن کیس ہو گا اُس وزارت کے سیکرٹری شریک ہوں گے۔
ڈائریکٹر جنرل آئی بی اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی اپنے اداروں کے افسروں کی ترقی کے کیسز کے موقع پر شریک ہوں گے۔
سنٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس چیئر مین ایف پی ایس سی کی زیرصدارت 23‘24‘26اور 27دسمبر کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے کمیٹی روم میں منعقد ہو گا۔ اجلاس میں تمام سروس گروپوں کے علاوہ ایکس کیڈر افسروں کو گریڈ 20 اور 21 میں ترقی دینے کی سفارشات مرتب کی جائیں گی۔ بورڈ سفارشات کی حتمی منظوری وزیراعظم دیں گے۔
یاد رہے کہ سینٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس منعقد نہ ہونے کے باعث 12 وفاقی سروس کیڈر کے 400 سے زیادہ افسران کی ترقی ایک سال 4 ماہ سے زیرِ التواء ہے۔ قواعد کے مطابق سینٹرل سلیکشن بورڈ کا اجلاس سال میں دو بار ہونا چاہیئے تاہم گزشتہ سال یکم تا 4 اگست 2023 کے بعد سینٹرل سلیکشن بورڈ کااجلاس منعقد نہیں ہوسکا۔اس وجہ سے ایک سال 4 ماہ سے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پولیس سروس، سیکرٹریٹ گروپ، پاکستان ریلوے ، پاکستان پوسٹل سروس، اکنامسٹ گروپ، انفارمیشن سروس گروپ ، آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس گروپ، ان لینڈ ریونیو، کسٹم سروس گروپ، کامرس اینڈ ٹریڈ سروس گروپ، ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹ بورڈ سروس کے 400 سے زیادہ گریڈ19اور 20کے افسر ترقی کے منتظر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کے نئے ہیئر سٹائل نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی