معاملہ ختم کرنا ہے تو حملہ کرنیوالے وکلا کےنام بتادیں : اسلام آباد ہائیکورٹ

Feb 18, 2021 | 13:33:PM
معاملہ ختم کرنا ہے تو حملہ کرنیوالے وکلا کےنام بتادیں : اسلام آباد ہائیکورٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے وکلا سے عدالت پر حملہ کرنے والے وکلا کے نام مانگ لئے اور کیس کی سماعت تین ہفتوں کے لئے ملتوی کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے ہائیکورٹ حملہ کیس میں 26 وکلا کے خلاف توہین عدالت کے کیس کی سماعت کی جس دوران وکلا نے کچہری آپریشن کرنے والوں کے خلاف جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر حسیب چودھری عدالت میں پیش ہوئے، اس موقع پر وکلا نے عدالت میں کہا کہ ہماری تذلیل کی جارہی ہے، ایسا کبھی مارشل لاء دورمیں بھی نہیں ہوا تھا، ہمیں عدالت آتے ہوئے باہر گیٹ پر گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی۔

اس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ وکلا تنظیمیں خود ذمہ داروں کا تعین کرتیں تو دیگر وکلا پریشان نہ ہوتے، یہ معاملہ کالا کوٹ پہننے والے وکلا اور ہم ججوں کے لئے المیہ ہے، معاملہ ختم کرنا ہے تو آپ خود ان وکیلوں کے نام دیں جنہوں نےحملہ کیا۔معزز جج نے کہا کہ جنہوں نے توڑپھوڑ کی برائے مہربانی ان پانچ 7 وکلا کے نام ہمیں دیں، جتنا میرا علم ہے کچھ سی سی ٹی وی کیمرے اس دن فعال نہیں تھے۔جسٹس عامر فاروق کا کہنا تھا کہ قانون سب کے لئے برابر ہے اور کسی کی کوئی انا نہیں ہے۔جسٹس عامر فاروق نے 26 وکلا کی استدعا پر جواب جمع کرانے کی مہلت دے دی۔