(24نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سیکرٹری جنرل عرب لیگ کی قاہرہ میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں علاقائی صورتحال، اہم عالمی امور اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مصری دارالحکومت قاہرہ میں عرب لیگ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نے شاہ محمود قریشی کا خیر مقدم کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سیکرٹری جنرل عرب لیگ کی ملاقات بھی ہوئی، ملاقات میں علاقائی صورتحال، اہم عالمی امور اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، عرب لیگ کے رکن ممالک کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، عرب لیگ کے رکن ممالک سے پاکستان کے مضبوط روابط ہیں، پاکستانی تارکین وطن کی کثیر تعداد عرب ممالک میں مقیم ہے۔
ملاقات میں سیکریٹری جنرل عرب لیگ کو افغانستان میں امن کے لیے کاوشوں اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔یاد رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روز قبل قاہرہ پہنچے تھے۔وزیر خارجہ نے اپنے مصری ہم منصب سامح شکری سے بھی ملاقات کی تھی جس میں دو طرفہ تعلقات اور کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔