(24 نیوز)سابق ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ حکومت گمشدہ افراد کے بارے میں کوئی فیصلہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق ڈپٹی چیئرمین سینٹ اور جے یو آئی کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ میری مائیں، بہنیں جو اسلام آباد آئی ہیں انکی ہمت اور جرات کو سلام پیش کرتا ہوں۔ مشکل ترین حالات میں مشکل اور جبر کے دور میں انہوں نے اپنے گمشدہ افراد کی بازیابی کیلئے آواز بلند کی ہے ۔ریاستی اداروں اور پارلیمان تک اپنی آواز پہنچانے کیلئے مائیں بہنیں سڑکوں پر ہیں۔
مولانا نے کہا کہ ہزاروں نوجوانوں کو لاپتہ کردیا ہے، شہید کردیا ہے جے یوآئی نے پارلیمان میں ہمیشہ لاپتہ افراد کے لواحقین کی آواز بلند کی ہے۔ بھٹو صاحب ، ایوب خان اور پرویز مشرف سے لیکر اب تک کی ہر اسمبلی میں ہم نے بات کی ہے۔ نا معلوم ریاستی ادارے کیا سوچتے ہے، جس طرح کا رویہ ریاستی اداروں نے اپنایا ہوا اس سے ملک مستحکم نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ریاست ،ریاستی ادارے اور آج کی حکومت شو پیس ہے، ہماری بچیاں ، خواتین اور مرد اپنی آواز پہنچانے آئے ہیں۔ انہیں پولیس تنگ کر رہی ہے اگر یہ سلسلہ بند نہیں ہوگا تو ہم سیاسی جماعتیں بھی میدان میں نکلے گے ۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی مطالبات ہیں لاپتہ افراد کے ہم انکی آواز سینٹ میں بھرپور طریقہ سے اٹھائیں گے۔ کشمیر میں بھی ایسا ظلم ہم نے نہیں دیکھا جو بلوچستان میں ہورہا ۔اس قسم کی پالیسیوں کو ہم مسترد کرتے ہے ۔بلوچوں پر الزام ہے کہ بلوچ پاکستان کے مخالف ہے۔