( ویب ڈیسک) ملتان سلطانز کے نوجوان تیز رفتار گیند باز احسان اللہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے لیجنڈ وقار یونس کی یوٹیوب سے ویڈیوز دیکھ دیکھ کر بولنگ کرانی سیکھی۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف 12 سکور کے عوض 5 وکٹیں لینے والے ملتان سلطانز کے نوجوان تیز گیند باز احسان اللہ نے پی ایس ایل کے اگلے میچز میں مزید تیز بولنگ کرنے کے عزم کا ا ظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پرفارمنس کوچز کی رہنمائی کی وجہ سے ہے، وکٹ ڈیڈ تھی لیکن تیز بولنگ کرنے والوں کے لیے اس میں مدد تھی۔
احسان اللہ نے مزید کہا کہ میں نے اپنی پرفارمنس کو اپنے والد اور والدہ کے نام کیا ہے، پی ایس ایل 8میں میرا جو ٹارگٹ تھا وہ پورا ہو گیا ہے، میری پسندیدہ وکٹ جیسن رائے کی تھی، وہ دنیا کے بہترین بیٹرز میں سے ایک ہیں،میرے رول ماڈل وقار یونس ہیں، انہوں نے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں میرے ساتھ کام بھی کیا ہے۔
ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر نے کہا کہ میں بچپن سے وقار یونس کو دیکھ رہا ہوں اور پھر ان سے سیکھا بھی ہے، میں یوٹیوب پر وقار یونس کی بولنگ دیکھ دیکھ کر سیکھتا رہا ہوں، احسان اللہ نے کہا کہ میرا تعلق سوات سے ہے اور میں نے ٹیپ بال سے کرکٹ کھیلنا شروع کی، ماموں کے کہنے پر مردان اکیڈمی میں چلا گیا۔انہوں نے بتایا کہ فاسٹ بولرز کی تلاش کے لیے ہونے والے ٹرائلز میں 145 کی اسپیڈ سے بولنگ کی، انڈر 19 میں آیا اور پھر میں ایک سال غائب ہوگیا میرا کہیں نام نہ آیا۔احسان اللہ نے کہا کہ لاہور کی پاک لائن اکیڈمی نے مجھے اسپائکس کے ساتھ بولنگ کرنے کا موقع دیا جس سے مجھے فائدہ ہوا، میرے کوچ عبد الرحمان اور میڈیکل اور ٹریننگ اسٹاف نے بہت مدد کی۔ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر نے کہا کہ میری آج جو اسپیڈ ہے وہ سب ان لوگوں کی وجہ سے ہی ہے، آنے والے میچز میں مزید تیز بولنگ کروں گا۔یاد رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 8کے تیسرے میچ میں احسان اللہ نے 4اوورز میں صرف 12رنز دے کر 5کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا تھا.