امریکہ کا پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کو محفوظ رکھنے پر اعتماد کا اظہار

Feb 18, 2023 | 10:37:AM

(ویب ڈیسک) امریکہ نے  پاکستان کو ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت قرار دے دیا ہے اور  ایٹمی اثاثوں کی حفاظت کے لیے  قابل ستائش اقدامات کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ نے پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کو محفوظ رکھنے پر اعتماد کا اظہار کیا ہے،   پاکستان نے اپنے  ایٹمی اثاثوں کی حفاظت کیلئے قابل ستائش اقدامات کیے ہیں، سٹریٹیجک پلینز ڈویشن کے تحت ایک قابل اعتماد کمانڈ اور کنٹرول سسٹم قائم کیا گیا ہے اور  انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ساتھ مل کر پاکستان اپنے ایٹمی پروگرام کو پرامن مقاصد کیلئے استعمال کر رہا ہے۔

انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی IAEA  کی حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان  بہترین طریقے سے ایجنسی کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔

امریکی سٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کی سیکورٹی کے بارے میں مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ یہ ریمارکس امریکی صدر بائیڈن کی جانب سے پاکستان کو دنیا کے خطرناک ترین ممالک میں سے ایک قرار دینے کے بعد سامنے آئے ہیں۔ امریکی صدر نے کچھ دن پہلے پاکستان کو  خطرناک ترین قوموں میں سے ایک قرار دیا تھا کیونکہ امریکی صدر کے نزدیک پاکستان کے پاس بغیر کسی ہم آہنگی کے ایٹمی ہتھیار موجود ہیں۔ 

پیر کو ایک پریس بریفنگ میں، اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان ویدانت پٹیل کا  کہنا تھا  کہ امریکا نے ہمیشہ ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان کو امریکی مفادات کے لیے اہم سمجھا ہے اور امریکہ پاکستان کے عزم اور اپنے جوہری اثاثوں کو محفوظ بنانے کی صلاحیت پر یقین بھی رکھتا ہے۔ یہ ریمارکس اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے قونصلر ڈیرک چولیٹ اور امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان کے درمیان ملاقات کے بعد سامنے آئے ہیں۔

امریکی صدر کے بیان کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکی سفیر کو جو بائیڈن کے اس بیان کی وضاحت پیش کرنے کے لیے بلا لیا تھا۔ کراچی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ،ہم اپنے جوہری ہتھیاروں کی حفاظت کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں، اور جہاں تک سیکورٹی اور حفاظت کا تعلق ہے وہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (IAEA) کے مطابق ہر بین الاقوامی معیار پر پورا اترتے ہیں۔

مزید پڑھیں: امریکا بھی اپنا غبارہ لے آیا

وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی جو بائیڈن کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں حقیقت کے برعکس اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دہائیوں کے دوران، پاکستان ایک انتہائی ذمہ دار جوہری ریاست ثابت ہوا ہے  جہاں اس کے جوہری پروگرام کو تکنیکی طور پر درست اور فول پروف کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے ذریعے منظم کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کےدوست، اتحادی اور  پڑوسی ملک چین کے ساتھ برسوں سے قریبی اقتصادی اور دفاعی تعلقات بہت مضبوط ہیں جو کہ امریکہ کے اہم جغرافیائی سیاسی حریفوں میں سے ایک ہے۔ تا ہم گزشتہ چند مہینوں سے پاکستانی اور امریکی حکام کے درمیان بات چیت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو  دونوں نے ستمبر میں امریکہ کا دورہ کیا اور سابق آرمی چیف قمر باجوہ نےبھی امریکہ کا دورہ کیا تھا۔  ستمبر میں آئے سیلاب کے بعد امریکی حکام نے بھی چار سال بعد  پاکستان کا دورہ کیا تھا اور سیلاب متاثرین کی بہبود و فلاح کے لیے اب تک 66 ملین ڈالر کی امداد بھی کر چکا ہے۔  

مزیدخبریں