شیخ رشید پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 2 مارچ کی تاریخ مقرر

Feb 18, 2023 | 11:12:AM

(24 نیوز) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جوڈیشل مجسٹریٹ عمر بشیر نے عمران خان کے مبینہ قتل کی سازش کے کیس میں شیخ رشید پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 2 مارچ کی تاریخ مقرر کر دی۔

اسلام آباد پولیس نے شیخ رشید کیخلاف چالان پیش کیا۔ شیخ رشید نے عدالت سے استدعا کی کہ ایک کانفرنس میں شریک ہونا ہے، 15 مارچ کی تاریخ دی جائے جس پر عدالت نے جواب دیا کہ ہائیکورٹ کے آرڈرز ہیں چالان آگیا ہے لمبی تاریخ نہیں دے سکتے، ٹرائل شروع ہوجائے تو پھر دیکھ لیں گے۔

دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ نے شیخ رشید کی تھانہ آبپارہ کے ایس ایچ او کیخلاف مقدمہ اندراج کی درخواست واپس کر دی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے ریمارکس میں کہا کہ یہ درخواست سیشن جج کی عدالت میں جمع کرائیں میرا اختیار نہیں۔

شیخ رشید نے نے ایس ایچ او اشفاق وڑائچ،  انسپکٹر عاشق منور و دیگر پولیس ملازمین کے خلاف بھی درخواست دی تھی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ایس ایچ او نے دھمکی دی کہ تمہیں سبق سکھانے آیا ہوں۔ فروری کی 2 تاریخ کو رات ساڑھے 12 بجے کچھ وردی میں اور کچھ بغیر وردی کے 150 سے 200 افراد دروازہ توڑ کر میرے گھر داخل ہوئے اور بغیر وارنٹ مجھے گرفتار کرلیا۔

شیخ رشید نے درخواست میں مزید کہا کہ یہ افراد لائسنس والا اسلحہ، تحفے میں ملی گھڑیاں، دو موبائل فون، دو لاکھ 74 ہزار روپے دو بلٹ پروف گاڑیاں لے گئے۔

مزیدخبریں