الیکشن کمیشن نے بھی صدر مملکت کو جواب دیدیا

Feb 18, 2023 | 14:28:PM

(عثمان خان) الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کے خط کا جواب دے دیا، جس میں انہوں نے عارف علوی کی جانب سے خط میں لکھے الفاظ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے صدر مملکت عارف علوی کو جوابی خط لکھتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آئین اور قانون پر عمل کرتا ہے، الیکشن کمیشن ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے۔

جواب میں مزید کہا گیا کہ الیکشن کمیشن عدلیہ کے فیصلوں کا احترام اور من و عن عمل کرتا ہے، صدر کی جانب سے الیکشن کمیشن کے بارے بے حسی کے الفاظ لکھنا مناسب نہیں، صدر مملکت کی جانب سے ایسے الفاظ لکھنے پر افسوس اور مایوسی ہوئی، الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سر انجام دے رہا ہے۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے طلب کردہ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا گیا، الیکشن کمیشن ممبران اور اعلی حکام ایوان صدر کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

واضح رہے گزشتہ روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر انتخابات سے متعلق ہنگامی اجلاس کی دعوت دی تھی۔ عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر راجہ کو 20 فروری کو ایوان صدر میں سیکشن 57 ایک کے تحت مشاورت کے لئے دعوت دی۔

ضرور پڑھیں :جیل بھرو تحریک: کون کہاں سے گرفتاری دیگا ؟ تفصیلات منظر عام پر

صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ ایکٹ کے تحت صدر مملکت عام انتخابات کی تاریخ یا تاریخوں کا اعلان کمیشن سے مشاورت کے بعد کریں گے، اس معاملے پر لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے اور سپریم کورٹ کے حالیہ مشاہدات جیسی کچھ اہم پیش رفت ہوئی۔

عارف علوی نے الیکشن کمیشن کی جانب سے بے حسی پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ الیکشن کمیشن نے ابھی تک پہلے خط کا جواب نہیں دیا، میں بے چینی سے انتظار کر رہا تھا کہ کمیشن اپنے آئینی فرائض کا احساس کرے گا اور اس کے مطابق کام کرے گا۔

خط میں مزید کہا گیا کہ اہم معاملے پر الیکشن کمیشن کے افسوسناک رویے سے انتہائی مایوسی ہوئی، آئین کے تحفظ اور دفاع کی اپنی آئینی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کو اپنے دفتر میں الیکشن پر مشاورت کیلئے ہنگامی ملاقات کیلئے مدعو کرتا ہوں۔

مزیدخبریں