ملک دیوالیہ ہوچکا، ہم ایک دیوالیہ ملک کے رہنے والے ہیں: خواجہ آصف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک دیوالیہ ہوچکا اور ہم ایک دیوالیہ ملک کے رہنے والے ہیں۔
سیالکوٹ میں نجی کالج میں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ڈیڑھ سال قبل دہشتگردوں کو اپنی سر زمین پر لاکربسایا گیا، کس نے ایسے کھیل کھیلے کہ دہشتگردی ہمارا مقدر بن گئی، کل ساری رات سکیورٹی کے لوگ مقابلہ کرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ جس نے آواز اٹھائی اسے جلا وطن کر دیا گیا اور جو باتیں پروگرامز میں کی جاتیں ہیں ان کا حقیقت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جو ہمارے ملک کے حالات ہیں ہم ایک دیوالیہ ملک کے رہنے والے ہیں، آپ نے سنا ہوگا ڈیفالٹ ہو رہا ہے یا دیوالیہ ہو رہا ہے، وہ ہوچکا ہے، تمام مسائل کا حل ملک میں ہے، آئی ایم ایف کے پاس نہیں۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ میں نے زیادہ وقت اپوزیشن میں گزارا اور گزشتہ 32 سالوں میں سیاست کو رسوا ہوتے دیکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے صحن میں دہشتگردی ہم خود لے کر آئے ہیں، دو سال پہلے انہیں دوبارہ پاکستان کی سرزمین پر لاکر بسایا گیا کہ یہ امن پسند لوگ ہیں، پاکستان کے قانون اور آئین کے مطابق زندگی گزریں گے۔