(24 نیوز)مسلم لیگ (ن) کو بلوچستان سے ایک اور وکٹ مل گئی،بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 12 کچھی بولان سے آزاد منتخب ہونے والے رکن میر عاصم کرد گیلو نے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہباز شریف سے میر عاصم کرد گیلو نے ملاقات کی،اس موقع پر پارٹی رہنما ملک محمد احمد خان بھی موجود تھے،میر عاصم کرد نے قائد نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا ،نامزد وزیراعظم شہباز شریف نے میر عاصم کرد گیلو اور ان کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور پارٹی میں شمولیت پر مبارک دی۔
میر عاصم کرد گیلو نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ قائد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) نے پاکستان بالخصوص بلوچستان کو ہمیشہ ترقی دی،بلوچستان کے عوام کو تعلیم صحت اور ترقی میں آگے بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں۔
شہبازشریف کاکہناتھا کہ بلوچستان نواز شریف کے دل کے بہت قریب ہے، گوادر سمیت پورے بلوچستان کی ترقی اولین ترجیح ہے، بلوچستان میں دانش سکول بنائیں گے، نوجوانوں کو لیپ ٹاپ ،آئی ٹی اور ہنر سکھا کر زندگی میں کامیاب بنائیں گے،نامزد وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ سی پیک کے ذریعے نواز شریف پاکستان خاص طور پر بلوچستان کو ترقی کا مرکز بنانا چاہتے ہیں، آپ کی حمایت سے پاکستان اور بلوچستان بھر کے عوام کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔
میر عاصم کرد نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے اور سیلاب متاثرین کی مدد پر شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: انتخابات میں بدترین شکست،ملک کی بڑی مذہبی سیاسی جماعت کے رہنما نے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا