(24 نیوز ) راوپنڈی کی اڈیالہ جیل کے اطراف سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور پولیس نے جیل جانے والے راستوں پر کنٹینرز لگا دیے ہیں۔ پولیس کی جانب سے سڑک سے گزرنے والی گاڑیوں کی مکمل تلاشی لی گئی اور مخصوص افراد کے علاوہ کسی کو بھی آگے جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کی گاڑی کو بھی جیل سے دو کلومیٹر دور روک لیا۔ علیمہ خان نے پولیس کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے عدالتی احکامات بھی دکھائے، تاہم ابتدائی طور پر انہیں آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
مزید پڑھیں:عمران خان نے کوئی خط تحریر نہیں کیا، اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کا انکشاف
پولیس حکام نے بتایا کہ اڈیالہ جیل کے اطراف سرچ آپریشن جاری ہے اور جب تک آپریشن مکمل نہیں ہو جاتا، کسی کو بھی جیل کے قریب جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
بعد ازاں، سہیل خان اور علیمہ خان اڈیالہ جیل پہنچنے میں کامیاب ہو گئے، جہاں جیل حکام نے انہیں اندر جانے کی اجازت دے دی۔ تاہم، علیمہ خان کی گاڑی کو داخلے کی اجازت نہیں دی گئی اور انہیں پیدل ہی جیل کے اندر جانا پڑا۔