وزیراعلیٰ مریم نواز کا نارووال میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح

Stay tuned with 24 News HD Android App

(راودلشاد) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نارووال میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا نئے سنگ بناید رکھنے والے منصوبوں میں اربوں روپے کی لاگت والے منصوبے شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ نے نارووال کے عوام کے لیے 2 ارب 9 کروڑ روپے کی لاگت سے2 اہم روڈ سیکٹرز منصوبوں کا افتتاح کیا اور کہا کہ ان منصوبوں سے علاقے کی ترقی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے نارووال میڈیکل کالج کا سنگ بنیاد بھی رکھا، جو 4 ارب 40 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا اور اس کی تکمیل کا عرصہ دو سال رکھا گیا ہے، انہوں نے نارووال کے لیے 10 کروڑ روپے کی لاگت سے چلڈرن لرننگ پارک کا سنگ بنیاد بھی رکھا جو بچوں کے لیے جدید تعلیمی سہولتیں فراہم کرے گا۔
مزید برآں، وزیراعلیٰ نے نارووال مریدکے 75 کلومیٹر طویل روڈ فیز ٹو کا سنگ بنیاد رکھا، اس کے علاوہ، 28 ارب روپے کی لاگت سے 400 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا منصوبہ بھی شروع کیا جائے گا،وزیراعلیٰ نے پنجاب بھر میں 320 ارب روپے کی لاگت سے 11 ہزار کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا اعلان کیا اور کہا کہ ان منصوبوں سے صوبے میں جدید ترین انفراسٹرکچر کی تعمیر کی جائے گی۔
نارووال میں ہونے والے جلسے میں ہزاروں افراد شریک ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی بڑی تعداد میں شامل تھے، جلسے کے دوران عوام نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کا بھرپور استقبال کیا اور ان کی گاڑی پر گلاب کی پتیاں نچھاور کیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن حکومت نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے اور ان کے حقوق کا دفاع کیا ہے، ان منصوبوں سے نہ صرف نارووال بلکہ پورے پنجاب میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی،جلسے کے اختتام پر وفاقی وزیر احسن اقبال، ایم این اے چوہدری انوار الحق اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور وزیر اعلیٰ کی ترقیاتی پالیسیوں کی حمایت کی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنے خطاب کا اختتام پاکستان زندہ باد کے بلند نعرے کے ساتھ کیا اور کہا کہ مسلم لیگ ن آئندہ بھی عوام کے حقوق کے لیے کام کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : اڈیالہ جیل سے خط پر خط آرہے ہیں، این آر او کیلئے منتیں کی جارہی ہیں، مریم نواز