(24نیوز)کراچی،لاہور،اسلام آباد سمیت ملک بھر میں نویں جماعت سے 12 ویں جماعت تک کے سرکاری اور پرائیویٹ سکولز کھل گئے ہیں اور تقریباً دو ماہ کے بعد طلبا و طالبات کے لئے تعلیمی سلسلے کا آغاز ہوگیا ہے ۔
کورونا کی دوسری لہر اور سردیوں کی چھٹیوں کے باعث تعلیمی ادارے تقریباً 2 ماہ بعد کھل گئے ہیں، کورونا ایس او پیز پر عمل لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ پہلی سے آٹھویں تک کی کلاسیں یکم فروری سے شروع ہوں گی ۔پنجاب بھر کے سرکاری اور پرائیوٹ اسکولز بھی دو ماہ بند رہنے کے بعد آج کھل گئے ہیں، پہلے مرحلے میں 9ویں سے 12ویں جماعت تک کے 50فیصد طالب علم اسکول آئیں گے۔تمام کلاسز کے 50 فیصد طالب علم پہلے تین دن اور باقی 50 فیصد ہفتہ کے آخری تین دن آئیں گے۔
واضح رہے کہ نیشنلکمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کیا تھا۔شفقت محمود کا کہنا تھا کہ 18 جنوری سے نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعتوں میں تعلیمی سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے گا جب کہ پہلی جماعت سے آٹھویں جماعت تک کی تعلیمی سرگرمیاں یکم فروری سے شروع ہوں گی۔ جبکہ ہائر ایجوکیشن میں تعلیمی سرگرمیاں بھی یکم فروری سے بحال کی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگلے ہفتے اجلاس میں سارے ڈیٹا کا جائزہ لیں گے، دیکھیں گے کہ جن شہروں میں وائرس کا انفیکشن ریٹ بہت زیادہ ہے وہاں یکم فروری سے تعلیمی سلسلہ شروع کیا جائے یا نہیں،چھوٹی جماعتیں کھولنے سے پہلے شہروں میں انفیکشن ریٹ دیکھا جائے۔اگر کسی شہر میں انفیکشن ریٹ زیادہ ہے تو ممکن ہے وہاں چھوٹی جماعتیں نہ کھولی جائیں اور جہاں کم ریٹ وہاں کھول دیں گے۔