(24نیوز)وزیراعظم عمران خان کا کہناہےکہ مودی نے انتخابات جیتنے کےلئے خطرناک فوجی ایڈونچر کیا، حالیہ انکشافات سے مودی سرکار اور بھارتی میڈیا کا ناپاک گٹھ جوڑ بے نقاب ہو گیا، عالمی برادری نوٹس لے اور بھارت کو ناپاک عزائم سے روکے۔
وزیراعظم عمران خان کا اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہنا ہے کہ میں نے 2019 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارتی فاشسٹ حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب کیا تھا۔مودی نے انتخابات جیتنے کےلئے خطرناک فوجی ایڈونچر کیا۔بھارتی ایڈونچر پورے خطہ کو عدم استحکام کا شکار کرسکتا تھا۔بالاکوٹ واقعہ پر پاکستان نےذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطہ کو بڑے بحران سے بچایا۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی صحافی کی حالیہ گفتگوسےبھارتی میڈیا اورمودی سرکارکا ناپاک گٹھ جوڑافشاں ہوگیا۔پتہ چل گیا کہ کیسے مودی نے بالاکوٹ واقعہ کو انتخابات کیلئے استعمال کیا،بھارتی میڈیا نے مودی حکومت کی اصلیت واضح کر دی۔پاکستان کیخلاف بھارتی عزائم بے نقاب کرتے رہیں گے۔
عمران خان نے کہا انتخابات جیتنے کےلئے خطرناک فوجی مہم جوئی خطے کوغیرمستحکم کرنے کا باعث بنی۔ پاکستان نے ذمہ دارانہ رویے اوربالا کوٹ پر جواب کے ذریعے بحران روکا۔اس کےباوجود مودی حکومت نے بھارت کوشدت پسندریاست بنانےکا کام جاری رکھا،مودی بھارت کو ایسا ملک بنا رہا ہے جو دوسرے ممالک کے لئے خطرناک ہو،عالمی برادری بھارت کے ناپاک ارادوں سے روکنے کیلئے اقدامات کرے ۔