بھارت، 2لاکھ افراد کو ویکسین کا پہلا ٹیکہ، 51کی حالت غیر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)بھارت میں ویکسینیشن کے پہلے روز 2 لاکھ افراد کو کورونا ویکسین کا پہلا ٹیکہ لگایا گیا ۔ جس سے ایک شخص کی طبیعت بگڑ گئی جبکہ 51 کی حالت غیرہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق نئی دہلی بھارت میں کورونا ویکسینیشن مہم کے پہلے ہی روز ایک نوجوان کو پیچیدہ مضر اثرات کے باعث انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کرنا پڑا جب کہ دیگر 51 افراد میں معمولی سائیڈ ایفیکٹس سامنے آئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت میں دنیا کی سب سے بڑی کورونا ویکسین مہم کے آغاز پر ہی ٹیکہ لگنے کے بعد 22 سالہ سیکیورٹی گارڈ میں شدید سر درد، الرجی اور سانس لینے میں تکلیف کی علامات ظاہر ہونے پر آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے آئی سی یو میں داخل کرلیا گیا۔
واضح رہے کہ اس حوالے سے نئی دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے میڈیا کو بتایا کہ کورونا ویکسین سے صرف ایک شخص میں طبی پیچیدگیاں سامنے آئیں جب کہ دیگر 51 افراد میں معمولی اثرات تھے اور انہیں ہسپتال میں داخلے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔بھارت میں مقامی سطح پر تیار کردہ دو کورونا ویکسین کی منظوری دی گئی ہے جن میں سے ایک کے ٹرائل مکمل نہ ہونے کے باوجود اس کے استعمال کی منظوری پر احتجاج بھی کیا گیا تھا۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ مضر اثرات کون سی ویکسین کے سامنے آئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق رواں برس جولائی تک 30 کروڑ افراد کو کورونا ویکسین لگانے کے لیے بھارت بھر میں 3 ہزار 352 سنٹرز قائم کیے گئے ہیں جب کہ ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد طبی عملے کو تربیت فراہم کی گئی ہے جب کہ پہلے روز 2 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی گئی ہے۔خیال رہے کہ بھارت دنیا بھر میں کورونا سے متاثر ہونے والا دوسرا ملک ہے جہاں اس وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ 5 لاکھ اور 55 ہزار سے زائد ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس نے ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کی جان لے لی ہے۔