امریکی پارلیمنٹ خطرے سے دوچار۔۔مسلح شخص گرفتار

Jan 18, 2021 | 13:27:PM

(24نیوز) امریکی کانگریس کی عمارت کیپیٹل ہل میں ہزاروں فوجی اہلکاروں کی تعیناتی کے باوجود ایک مسلح شخص نے ریڈ زون سے ہوتے ہوئے عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن کی حلف برداری کی تقریب 20 جنوری کو ہونی ہے اور 6 جنوری کو کانگریس عمارت پر حملے کے بعد احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے سخت سکیورٹی نافذ کردی گئی ہے تاہم ایک مسلح شخص تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے عمارت کے نہایت نزدیک پہنچ گیا۔ فوجی اہلکاروں نے خطرہ بھانپتے ہوئے مذکورہ شخص کو اندر داخل ہونے سے روک لیا اور تلاشی لینے پر ایک پستول اور 500 گولیاں برآمد کرلی ہیں۔ مسلح شخص نے ریڈ زون اور عمارت میں داخل ہونے کے لئے ایک جعلی اجازت نامہ بنا رکھا تھا۔مسلح شخص کو پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے تاہم اس کی شناخت تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی ظاہر کی جائے گی اور تاحال مذکورہ شخص کی اس علاقے میں موجودگی کی وجہ کا بھی تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔

واضح رہے کہ 6 جنوری کو ٹرمپ کے حامیوں نے کانگریس کی عمارت پر دھاوا بول دیا تھا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد دارالحکومت میں نومنتخب صدر جوبائیڈن کی حلف برداری کے لئے 20 ہزار فوجی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں