کورونا  کیسز: لاہور اور گوجرانوالہ  میں سمارٹ لاک ڈاؤن

Jan 18, 2021 | 13:42:PM

 (24 نیوز) کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر لاہور اور گوجرانوالہ کے مزید علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔ لاہور کے 17 اور گوجرانوالہ کے مزید 3 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا۔

سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق لاک ڈاؤن والے علاقوں میں تمام شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس، دفاتر (نجی اور سرکاری) بند رہیں گے۔ علاقہ مکینوں کی نقل و حمل محدود ہو گی۔ انتہائی ضرورت کے پیش نظر ایک فرد ایک سواری استعمال کر سکے گا، ہر قسم کے اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی۔ محمد عثمان کا کہنا ہے کہ تمام میڈیکل سروسز، فارمیسی، میڈیکل سٹورز، لیبارٹریاں، کولیکشن پوائنٹس، ہسپتال اور کلینکس 24 گھنٹے کھلے رہیں گے، ملک شاپس، چکن اور گوشت، مچھلی کی شاپس اور بیکریاں صبح 7 سے شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی، گروسری سٹورز، جنرل سٹورز، آٹا چکیاں، فروٹ، سبزی کی دکانیں، تندور اور پیڑول پمپس 9 بجے سے شام 7 بجے کھل سکیں گے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 46 افراد جاں بحق ہوگئے، پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 21 ہزار 211 ہوگئی۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 920 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 49 ہزار 782، سندھ میں 2 لاکھ 35 ہزار 576، خیبر پختونخوا میں 63 ہزار 615، بلوچستان میں 18 ہزار 612، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 884، اسلام آباد میں 40 ہزار 111 جبکہ آزاد کشمیر میں 8 ہزار 361 کیسز رپورٹ ہوئے۔ملک بھر میں اب تک 74 لاکھ 5 ہزار 571 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 37 ہزار 949 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 4 لاکھ 75 ہزار 228 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 348 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 46 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 10 ہزار 997 ہوگئی۔ پنجاب میں 4 ہزار 432، سندھ میں 3 ہزار 793، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 783، اسلام آباد میں 457، بلوچستان میں 190، گلگت بلتستان میں 101 اور آزاد کشمیر میں 241 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

مزیدخبریں