(24نیوز)بھارت کی ریاست اترپردیش میں ہسپتال کے 46 سالہ وارڈ بوائے کو کورونا سے بچاؤ کی ویکیسن لگائی گئی جو 24 گھنٹوں کے اندر اندر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ اترپریش کے شہر مراد آباد میں پیش آیا جہاں کورونا کی ویکسین لگوانے والے ہسپتال کا 46 سالہ ملازم اتوار کی شام انتقال کرگیا۔ مراد آباد کے چیف میڈیکل آفیسر کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے کہ مرنے والا شخص ہسپتال میں وارڈ بوائے تھا جس نے 24 گھنٹے قبل کورونا وائرس کی ویکسین لگوائی تھی ۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق چیف میڈیکل آفیسر کا کہنا ہےکہ مراد ہسپتال کے ملازم مہیپال سنگھ کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے جس کی تصدیق پوسٹ مارٹم رپورٹ سے ہوئی۔واضح رہے کہ بھارت میں جمعے سے شروع ہونے والی دنیا کی سب سے بڑی کورونا ویکسی نیشن مہم میں ایک روز کے بعد ایک لاکھ 91 ہزار ہیلتھ کیئر اور فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین دی جاچکی ہے۔بھارتی دارالحکومت دہلی اور ریاست راجستھان سے اب تک کورونا ویکسین کے معمولی منفی اثرات رپورٹ ہوئے ہیں جہاں دہلی میں 51 ہیلتھ ورکر میں معمولی منفی اثرات دیکھنے میں آئے۔