داعش کو ایزی پیسہ کے ذریعے لاکھوں ڈالر بھیجنےوالا گروہ پکڑا گیا

Jan 18, 2021 | 14:40:PM

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بڑی کامیابی،سی ڈی ڈی نے کراچی سے پیسے جمع کرکےشام  میں ’’داعش‘‘ کو بھیجے جانےوالے گروہ کو پکڑ لیا۔ملزمان اب تک لاکھوں ڈالر ایزی پیسہ اکاؤنٹ کے ذریعے  منتقل کرچکے ہیں۔دہشت گردوں کی فنڈنگ بٹ کوائن کے ذریعے بھی کی جا رہی تھی۔

 

محکمہ انسداد دہشت گردی ،سندھ نے کراچی سے شام میں داعش کو مالی معاونت فراہم کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ  انچارج ٹیرر فنانسنگ یونٹ راجہ عمر خطاب کافی عرصے سے بیرون ملک دہشت گردوں کو کراچی سے مالی معاونت فراہم کرنے پر تفتیش کر رہے تھے۔انچارج ٹیرر فنانسنگ یونٹ نے بتایا کہ ملزم عمر خالد نے ایزی پیسہ اکاونٹ کھلوایا اور لوگوں سے اس میں پیسے جمع کرانے کو کہا۔اکاونٹ میں جمع ہونے والے پیسے حیدر آباد کے ایک اور اکاؤنٹ میں منتقل کئے جاتے تھے جہاں سےانہیں ڈالر میں تبدیل کرکے شام بھیجا جاتا تھا۔عمر شاہد نے مزید بتایا کہ حافظ عمر بن خالد نامی شخص کو حراست میں لے کر فرانزک کرائی گئی، عمر بن خالد این ای ڈی یونیورسٹی کا فائنل ائیر کا طالبعلم بھی ہے۔
ان کا کہناتھا کہ جمع ہونے والی رقم کے مقامی سطح پر استعمال کی تحقیقات اور عمر بن خالد کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے جبکہ ملزمان کے خلاف دہشتگردی کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔

سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے جہادی فیملیز فنڈنگ کا مطالبہ کرتی ہیں اور رابطوں کےلیے سوشل میڈیا ایپ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ملزمان ایک سال کے اندر ایک ملین ڈالر منتقل کر چکے ہیں۔

مزیدخبریں