(24نیوز)مالی گوشوارے جمع نہ کرانے کی پاداش میں الیکشن کمیشن نے 154 اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کر دی ۔ ان میں وفاقی وزرا فواد چودھری، علی زیدی، خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹرعامر لیاقت حسین اور فہمیدہ مرزا بھی شامل ہیں جبکہ 3 سینیٹرز مصدق ملک، کامران مائیکل اور شمیم آفریدی کی رکنیت بھی معطل کردی گئی ۔
الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے 48،کے پی اسمبلی کے 26 ارکان کی رکنیت معطل کی گئی جبکہ بلوچستان اسمبلی کے 6 ارکان کی رکنیت معطل کی ہے اور ان میں سردار یار محمد رند اور اختر لانگو بھی شامل ہیں۔الیکشن کمیشن نے فیصلے سے سنیٹ، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے سپیکرز کو آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ معطل ارکان ایوان کی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکتے اور گوشوارے جمع کروانے تک رکنیت معطل رہے گی۔