(24نیوز) تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں کالعدم نہیں ہوگی۔ ن لیگ نے جو گڑھا کھودا خود اس میں گرنے جا رہی ہے ان کی تمام سیاست کا دارومدار ہی فارن فنڈنگ پر ہے۔ نواز شریف نے بینظیر کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کیلئے پیسے لئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چار سال سے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا فارن فنڈنگ کا کیس الیکشن کمیشن میں چل رہا ہے دونوں نے اپنے فنڈز کی تفصیل جمع نہیں کروائی یہ کس منہ سے ہمارے اوپر فنڈنگ کا الزام لگا رہے ہیں۔ اسرائل کو تسلیم آپ کرتے ہیں عمران خان واضح کرچکا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔ پاپڑ، فالودہ اور چائے والے کے اکاؤنٹ والی واردات ان کی تھی۔ ہم بینکنگ چینل سے باہر سے پیسہ لے کر آئے یہ کل کس منہ سے احتجاج کریں گے۔ کل پاناما رانی کا احتجاج ان کے اپنے خلاف جائے گا۔ مجھے لگتا ہے کل کا احتجاج این آر او لینے کی ایک اور کوشش ہے۔ ن لیگ نے آج نہ رسیدیں دیں نہ شناختی کارڈز کی تفصیلات جمع کروائیں۔ الیکشن کمیشن پاکستان کا آئینی ادارہ ہے ہم الیکشن کمیشن کا احترام کرتے ہیں۔