صرف چہرے بدلے، پہلے آمر تھا اب سلیکٹڈ ہے،مریم اورنگزیب

Jan 18, 2021 | 20:36:PM

(24 نیوز) ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ آئین پر شب خون مارنے والے آمروں اور سلیکٹڈ ٹولے کی کرپشن ، کمیشن اور ڈیلوں کی سزا قوم بھگت رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے مشیر احتساب شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں آمر نے منتخب وزرا اعظم کے خلاف سازش ، مارشل لا کوسند جواز دینے اور ان کے خلاف کرپشن کا بیانہ بنانے کے لئے قومی خزانے کو جو نقصان پہنچایا اس کی قیمت پاکستانی قوم ادا کررہی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ نواز شریف کے خلاف زیرو ریکوری ہوئی، 20سال ہوگئے، 65 ملین ڈالر پہلے ادا کر دیئے لیکن اب تک صفر چوری کا مال برآمد ہوا؟ 
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم جواب دیں برطانوی عدالت کا فیصلہ آنے سے پہلے پاکستانی سفارت خانے کے اکائونٹ میں پیسے کیوں رکھوائے؟ جواب دیں نوازشریف کے خلاف کرپشن کا جھوٹا بیانیہ گھڑنے اور مارشل لا کے جواز کے لئے پرویز مشرف نے براڈ شیٹ کمپنی استعمال کی سال 2000 میں پرویز مشرف نے چھ ماہ پہلے بنائی گئی کمپنی کو 600 کروڑ دے دئیے۔ براڈ شیٹ کا ڈرامہ  کرتے ہوئےپاکستانی قوم کا کروڑوں روپیہ منی لانڈرنگ کے لئے استعمال کیاگیا۔ 600 کروڑ ابتدائی اور 440 کروڑ زرتلافی کے ملا کر مجموعی طورپر پاکستان کے ایک ہزار 40 کروڑ لوٹ لئے گئے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئین پر شب خون مارنے کی سزا مہنگائی، بے روزگاری، جرمانوںاور کرپشن کی صورت میں پاکستانی قوم کو ملتی ہے ۔عمران صاحب ، شہزاد اکبراوران کے حواری براڈ شیٹ سے کمیشن مانگتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ، اس کا جواب دیں ۔ کمیشن کیوں مانگا؟کس قانونی معاہدے کے تحت ملاقاتیں کیں؟ کس کس نے ملاقات کی ؟ یہ تو محض ”ٹپ آف دی آئیس برگ ہے“ابھی تو اور بہت سارے کیس سامنے آنے باقی ہیں؟ جو سوال پوچھے تھے، ان کے جواب دیں۔
انہوں نے کہاکہ بتائیں جس کمپنی نے صفر برآمدگی کی، اسے کروڑوں کیوں دئیے؟ الفاظ کے ہیر پھیر ، حیلے بہانے ، آئیں بائیں شائیں سے کام نہیں چلے گا،آپ کی چوری پکڑی جاچکی ہے قوم اور دنیا جان چکی ہے کہ سلیکٹڈ حکومت اور نیب کمیشن زدہ ہے، ڈیلیں کرتے اورکمیشن کھاتے پکڑے گئے ہیں پہلے آمرتھا اب سلیکٹڈ مسلط ہے، صرف چہرے بدلے ہیں۔

مزیدخبریں