امریکا تائیوان کے معاملے پر باز نہ آیا تو بھاری قیمت اداکرنی پڑیگی، چین

Jan 18, 2021 | 23:54:PM

(24 نیوز)چین نے تائیوان میں ”گھناﺅنا طرز عمل“ اختیار کرنے والے امریکی حکام پر پابندی لگانے کا عندیہ دیا ۔چین وعدے پر قائم ہے، تائیوان میں مداخلت سے باز نہ آنے پر امریکا کو ”بھاری قیمت“ ادا کرنا پڑے گی۔

تفصیلات کے مطابق دنیا کی دو بڑی اقتصادی قوتوں، چین اور امریکا کے مابین تائیوان، جنوبی بحیرہ چین ، ہانگ کانگ اور کورونا وائرس سے متعلق تنازعات شدت اختیار کرچکے ہیں۔ وزارت خارجہ کی یومیہ نیوز بریفنگ میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ترجمان ہوا چنینگ نے کہا کہ امریکا تائیوان میں مداخلت سے باز نہیں آ رہا اس لیے چین کی جانب سے بعض امریکی حکام پر پابندیاں لگائی جائیں گی۔
چینی وزارت خارجہ کا یہ بیان تائیوان کے ساتھ امریکا وفود کے تبادلے پر عائد پابندی ختم کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔ ہانگ کانگ میں حکومتی اقدامات میں شامل حکام پر امریکا کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندیوں کے سوال پر ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں بھی جن امریکی حکام، نمائندگان اور نجی تنطیموں کا گھناﺅنا کردار سامنے آیا تو ان کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ 
چین کئی مرتبہ یہ واضح کرچکا ہے کہ تائیوان اس کے لئے انتہائی حساس اور اہم ترین معاملہ ہے، اس لئے تائیوان کے ساتھ ہتھیاروں کی فروخت کرنے والی امریکی کمپنیوں پر کچھ عرصہ قبل چین نے پابندیاں عائد کردی تھیں۔

مزیدخبریں