(24 نیوز) پنجاب کے بعد خیبرپختوںخوا کی اسمبلی بھی تحلیل کر دی گئی۔ گورنر حاجی غلام علی نے وزیراعلیٰ محمود خان کی سمری پر دستخط کر دیئے۔
گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر نوٹیفکیشن شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے وزیراعلیٰ کی سمری پر دستخط کر دیئے۔
یاد رہے وزیراعلیٰ محمود خان نے گزشتہ روز رات 9 بجے اسمبلی تحلیل کی سمری پر دستخط کر کے اسے گورنر کو ارسال کیا تھا۔
وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ عمران خان کے حکم پر عمل کیا اور اسمبلی تحلیل کی ایڈوائس پر دستخط کر کے تمام افواہوں کو غلط ثابت کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو تہائی اکثریت سے واپس آئیں گے، خیبرپختونخوا کے عوام نے اعتماد کا اظہار کیا ہے اور آئندہ الیکشن میں بھی وہ تحریک انصاف کو ہی منتخب کریں گے۔
بعد ازاں گورنر ہاؤس خیبرپختونخواہ کے ترجمان خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری موصول ہونے کی تصدیق کی۔ گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا کہ اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس موصول ہوگئی ہے، جس پر سارے معاملات دیکھنے کے بعد آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے۔
اسمبلی تحلیل کے بعد نگراں وزیراعلیٰ کی تقرری تک محمود خان قائم مقام وزیراعلیٰ کے عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ عمران خان کے اعلان کے مطابق پہلے 12 جنوری کو پرویز الہیٰ نے پنجاب اسمبلی تحلیل کی، جس کی سمری پر گورنر بلیغ الرحمان نے دستخط نہیں کیے اور پھر مقررہ وقت گزرنے کے بعد اسمبلی از خود تحلیل ہوگئی۔