(24 نیوز) وزیراعلیٰ سندھ اور امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، مراد علی شاہ نے جماعت اسلامی کے جائز خدشات دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ جو بھی جائز خدشات ہیں، ان کو دور کیا جائے گا، جماعت اسلامی کے جو الیکشن کمیشن سے مسائل ہیں ان پر الیکشن کمیشن سے رابطہ کرے، جو مسائل حکومت سے ہیں، حل کرنے میں سندھ حکومت غیر جانبدارانہ کردار ادا کریگی۔
خیال رہے کراچی کی تمام 235 یونین کونسلز (یوسیز) کےنتائج کے مطابق پیپلزپارٹی 93 یوسیز میں کامیابی کے بعد سرفہرست ہے جب کہ جماعت اسلامی 86 یوسیز میں کامیابی کے بعد دوسرے نمبرپر ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو کراچی ڈویژن میں 40 یوسیز پرکامیابی ملی ہے جب کہ مسلم لیگ ن نے 7، جمعیت علمائے اسلام نے 3 اور تحریک لبیک نے 2 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ ان کے علاوہ مہاجر قومی موومنٹ ایک یوسی پر اور آزاد امیدوار3 یوسیز پر کامیاب ہوئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق شہر کی 246 میں سے 235 یونین کمیٹیز میں انتخابات ہوئے جب کہ 10 نشستوں پر امیدواروں کے انتقال کی وجہ سے انتخابات ملتوی ہوئے، ایک نشست پر پیپلزپارٹی کا چیئرمین پینل بلا مقابلہ جیت گیا۔