پاک ایران کشیدگی ،سٹاک مارکیٹ میں مندی،20 ارب روپے ڈوب گئے

Jan 18, 2024 | 11:21:AM

(ویب ڈیسک) پاک ایران کشیدگی ،سٹاک مارکیٹ میں مندی،20 ارب روپے ڈوب گئے۔

پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدہ صورتحال اور سیاسی افق پر غیر تسلی بخش صورتحال سے سرمایہ کاروں کے محتاط طرز عمل کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران شدید مندی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے، بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1029 پوائنٹس کمی کے بعد 63 ہزار کی نفسیاتی حد سے نیچے آگیا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے چیف ایگزیکٹیو محمد سہیل نے اسٹاک مارکیٹ میں اس تنزلی کو پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدگی بڑھنے کی خبروں سے منسلک کیا ہے مندی کے سبب 61.14 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید 20 ارب 69 کروڑ 01 لاکھ 53 ہزار 907 روپے ڈوب گئے، کاروبار کا آغاز مندی سے ہوا اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 170.13 پوائنٹس کی کمی سے 63567.33 پوئنٹس کی سطح پر بند ہوئی ۔

دریں اثنا انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 14پیسے کی کمی سے 280روپے 10پیسے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 19پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے ڈالر کی قدر گھٹ کر 280روپے 73پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

علاوہ ازیں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بدھ کو 24قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 3600روپے کی کمی سے 213700روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بھی 3087روپے کی کمی سے 183213 روپے کی سطح پر آگئی۔

یہ بھی پڑھیں:دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان اور ایران کو مشترکہ حکمت عملی بنانی چاہیے: خواجہ آصف
 

مزیدخبریں