سردی کی شدیدلہر،دھند،تیز ہواؤں کیساتھ بارش اوربرفباری کی پیشگوئی

لاہورآلودہ ترین شہروں میں پہلے اورکراچی پانچویں نمبر پرآگیا،شہریوں کوماسک پہننے کی ہدایت

Jan 18, 2025 | 09:38:AM
سردی کی شدیدلہر،دھند،تیز ہواؤں کیساتھ بارش اوربرفباری کی پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (کومل اسلم،اقصیٰ شاہد)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش  اورپہاڑوں پربرف باری کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے،شمال مغربی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے اسلام آباد اور گرد و نواح میں دن کے اوقات میں موسم سرد اور خشک جبکہ رات میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش کی پیشگوئی کی ہے،اس کے علاوہ مری،گلیات اورگرد و نواح میں موسم شدید سرد رہنے کے ساتھ شام اوررات میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

لاہور، شیخوپورہ،قصور،اوکاڑہ، ساہیوال، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، جہلم، گجرات، میانوالی، رحیم یار خان، خان پور، بہاولنگر، بہاولپور، پاکپتن، خانیوال، وہاڑی، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ اور گرد و نواح میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

چترال،دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، کرک اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، قلات، بارکھان، خضدار، ہرنائی، ژوب، موسیٰ خیل، خاران، کیچ، پنجگور اور گوادر میں تیز ہواؤں کےساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے کشمیراور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔

لاہورمیں فضائی آلودگی نے بھی سر اٹھا لیاہے،ائیر کوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 431 ریکارڈکی گئی اورلاہورآلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پرآگیاہے۔

فضا میں خنکی بڑھنے کے باعث لاہوریے ٹھٹھرنے لگے،لاہور میں درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے،آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت8 اور زیادہ سے زیادہ 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جائے گا،ملک کے بالائی علاقوں میں بارش برسنے سے لاہور کا موسم شدید سرد رہے گا۔

ماہرین کے مطابق باغوں کے شہر میں بارش کا کوئی امکان موجود نہیں ہے۔

کراچی میں بھی سردی کے ڈیرے اورسرد ہواؤں کا راج برقرار ہے، محکمہ موسمیات کاکہناہے کہ شہر میں آج بھی وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے،شہر میں کم از کم درجہ حرارت 14 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہرقائد میں 25 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے،شہر میں اس وقت موسم سرد ہے،موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ اور محسوس 12سینٹی گریڈکیاجارہاہے،زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 54فیصد ہے،شمال مشرقی سمت سے 16کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:روس کا ایران میں 2 نیوکلیئر پلانٹ لگانے کا اعلان

 لاہور کی طرح شہر قائد میں بھی فضائی معیارتاحال مضرصحت ہے،ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی پانچویں نمبر پر موجود ہے جہاں ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 174 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔

ماہرین کاکہناہے کہ شہری گھروں سے نکلتے وقت ماسک کا استعمال لازمی کریں۔