(24نیوز)حکومت نے 30 لاکھ روپے سے زائد کے نجی حج پیکج پر سیکیورٹی کلیرنس کی شرط عائد کر دی ہے جس کے لیے ایف بی آر اور سیکیورٹی ایجنسیاں عازمین کی چھان بین کریں گی۔
حکومت نے 2025 کے حج کے دوران نجی سکیم کے تحت جانے والے عازمین کے لیے اہم اقدام اٹھایا ہے جس میں 30 لاکھ روپے سے زائد کا حج پیکج حاصل کرنے والے عازمین کو سیکیورٹی کلیرنس حاصل کرنے کی شرط پر حج کی اجازت دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق حج پیکج فراہم کرنے والی کمپنیاں 30 لاکھ روپے سے زائد کے اخراجات اور پیکج کی مکمل تفصیلات وزارت مذہبی امور کو فراہم کریں گی اور ان عازمین کے نام ایف بی آر کو دیے جائیں گے تاکہ ان کے اثاثوں اور ٹیکس کی چھان بین کی جا سکے، صرف سیکیورٹی ایجنسیوں سے کلیرنس کے بعد ہی 30 لاکھ روپے یا اس سے زائد پیکج والے عازمین کو حج پر جانے کی اجازت دی جائے گی۔
وزارت مذہبی امور نے اس عمل کی نگرانی کے لیے اپنے افسر محمد حکیم خٹک کو فوکل پرسن مقرر کیا ہے اسی کے ساتھ وزارت نے نئی ریگولیشن پالیسی بھی جاری کر دی ہے تاکہ حج کے دوران ان اقدامات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
علاوہ ازیں، سیکیورٹی ایجنسیاں ان عازمین حج کے کریمنل ریکارڈ اور دیگر متعلقہ تفصیلات کا جائزہ بھی لیں گی۔
مزید پڑھیں: معاشی ترقی کیلئے سب کے ساتھ مل کر بیٹھنے کو تیار ہوں: وزیراعظم