سیف علی خان کی ہیلتھ انشورنس دستاویزات لیک، علاج پر کتنے لاکھ خرچ ہوئے؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) چاقو زنی واقعے میں زخمی سیف علی خان کے علاج کے دوران انکی بیمہ پالیسی کے دستاویز منظر عام پر آگئے۔
ممبئی میں اپنے فلیٹ پر ہونے والے خطرناک حملے کے بعد سیف علی خان اب تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں, اداکار کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور انہیں ممبئی کے لیلاوتی اسپتال کے عام وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
اسپتال کے علاج سے متعلق ان کا ہیلتھ انشورنس کلیم سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے, دستاویزات کے مطابق اداکار نے اپنے علاج کے لیے 35 لاکھ 95 ہزار روپے کا کلیم کیا جس میں سے انشورنس کمپنی نے 25 لاکھ روپے منظور کر لیے ہیں۔
مزید یہ کہ دستاویز میں حساس معلومات جیسے پیشنٹ آئی ڈی، کمرے کی کیٹیگری اور متوقع ڈسچارج تاریخ بھی ظاہر کی گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سیف علی خان 'نیوا بپا ہیلتھ انشورنس' کے پالیسی ہولڈر ہیں۔ کمپنی نے اداکار کے کلیم کی ابتدائی رقم کےلیے منظوری دی ہےلیکن اداکار کو دی گئی رقم کی صحیح تفصیلات نہیں بتائیں۔
بیمہ کمپنی نیوا بپا ہیلتھ انشورنس کے آفیشل بیان میں کہا گیا "اداکار سیف علی خان کے ساتھ پیش آنے والا حالیہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ ہم ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔"
بیان میں مزید کہا گیا "مسٹر خان ہمارے پالیسی ہولڈر ہیں, اسپتال میں داخلے کے وقت ہمیں کیش لیس پری آتھرائزیشن کی درخواست موصول ہوئی اور ہم نے ابتدائی علاج کےلیے رقم کی منظوری دے دی۔ علاج مکمل ہونے کے بعد حتمی بلز موصول ہونے پر انہیں پالیسی کی شرائط و ضوابط کے مطابق سیٹل کیا جائے گا, ہم اس مشکل وقت میں مسٹر خان اور ان کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔"
سیف علی خان یا ان کے خاندان نے ابھی تک لیک ہونے والے دستاویزات پر کوئی بیان نہیں دیا, تاہم انٹرنیٹ پر صارفین نے ان کی پرائیویسی کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ 16 جنوری کی رات میں سیف علی خان پر انکے گھر میں مبینہ چور نے چھری کے پے درپے وار کرکے انہیں زخمی کردیا تھا۔
اداکار کو فوری طور پر ممبئی کے لیلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے اور اب انکی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔