نائیجیریا میں آئل ٹینکر الٹنے کے بعد دھماکہ، تیل اکھٹا کرنے کیلئے آنیوالے 60 افراد ہلاک
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)شمالی نائیجیریا میں آئل ٹینکر الٹنے کے بعد ہونے والے دھماکے میں 60 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔مرنے والوں کی اکثریت ٹینکر الٹنے کے بعد پھیلے ہوئے تیل جمع کرنے کے لیے آئی تھی۔
غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق نائیجیریا کی فیڈرل روڈ سیفٹی کور (ایف آر ایس سی) نے بیان میں بتایا کہ ریاست نائیجر کے علاقے میں پٹرول سے لدا ٹینکر الٹ گیا، جس سے تیل پھیل گیا اور دھماکا ہوا۔ریاست نائیجر کے ایف آر ایس سی سیکٹر کمانڈر کمار ٹسوکوام نے بتایا کہ جاں بحق افراد میں اکثریت ایسے لوگوں کی ہے جو ٹینکر الٹنے کے بعد پھیلے ہوئے تیل جمع کرنے کے لیے آئے تھے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو روکنے کی ہر کوشش کے باوجود تیل اکٹھا کرنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی تھی اور ایسے میں اچانک دھماکا ہوا اور آگ کے شعلے بلند ہوگئے اور دوسرے ٹینکر کو لپیٹ میں لے لیا۔سیکٹر کمانڈر کمار ٹسوکوام کا کہنا تھا کہ اب تک 60 لاشیں نکال لی گئی ہیں اور فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ اکتوبر میں ریاست جیگوا میں بھی اسی طرح کا دھماکا ہوا تھا جہاں 147 افراد ہلاک ہوا تھا اور اس کو افریقی ممالک میں ہونے والے بدترین حادثات میں سے ایک قرار دیا گیا تھا۔افریقہ میں سب سے زیادہ تیل پیدا کرنے والے ملک نائیجیریا میں اس طرح کے اندوہناک حادثات عام ہوگئے ہیں جہاں مہنگائی کی وجہ سے لوگوں خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں اور ایسے حادثات میں درجنوں افراد اپنی جان کھو بیٹھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی اور اندرون سندھ میں گھر بیٹھے شناختی کارڈ حاصل کریں، صرف معمولی ڈیلیوری چارجز