ٹرمپ کی تقریب حلف برداری، قاسم سوری سمیت پی ٹی آئی سے وابستہ 9 لوگ شرکت کرینگے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) ریاست ہائے متحدہ(یو ایس اے) کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں دنیا بھر سے نامور سیاسی و دیگر شخصیات شرکت کرینگے،جہاں دنیا بھر سے اس تقریب میں شرکت کیلئے کئی لوگ کوشاں ہیں وہی پاکستان سے بھی کئی نام سامنے آگئے ہیں،پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بعد پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے کئی رہنماوں کے نام بھی سامنے آئے ہیں جن کی اس تقریب میں شرکت متوقع ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور اور پی ٹی آئی دور میں پاکستان کے سابق صدر عارف علوی کو آگاہ کیا گیا تھا کہ حلف برداری میں ان کی شرکت کے دعوت نامے بھی موجود ہیں مگر بعض سیاسی وجوہات کی بنا پر دونوں شخصیات نےاس تقریب میں شرکت سے گریز کیا تاہم پی ٹی آئی کے کئی سرکردہ رہنما اس حلف برداری میں شریک ہوں گے،اس سلسلے میں پی ٹی آئی کے کئی رہنما پہلے ہی واشنگٹن پہنچنا شروع ہوگئےہیں، ان میں سر فہرست قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری ہیں جو واشنگٹن پہنچ گئے ہیں۔
اٹک سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی رہنما میجر ریٹائرڈ طاہر صادق بھی امریکا کے نومنتخب صدر کی حلف برداری میں شریک ہوں گے۔ طاہر صادق نے 2018 کے انتخابات میں این اے 55 سے الیکشن لڑ کرن لیگ کے شیخ آفتاب کو شکست دی تھی تاہم اس بار وہ الیکشن جیت نہیں پائے تھے۔
حلف برداری میں شرکت کرنیوالے دیگر رہنماؤں میں پی ٹی آئی کی آرگنائزیشن آف انٹرنیشنل چیپٹرز کے سیکرٹری سجاد برکی، سابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے عالمی امور عاطف خان، آرگنائزشن آف انٹرنیشنل چیپٹر کے ڈپٹی سیکرٹری جنید بشیر بھی شامل ہیں،سابق وزیراعطم کے قریبی ساتھی سلمان احمد بھی تقریب میں موجود ہوں گے۔
پی ٹی آئی کے دو ہمدرد اور فرسٹ پاکستان گلوبل فورم کے ڈاکٹرعثمان ملک اور ڈاکٹر سائرہ بلال بھی تقریب کا حصہ ہوں گے، یہ دونوں شخصیات پی ٹی آئی کے امریکا میں انتہائی ہمدردوں میں شامل ہیں اور کانگریشنل بریفنگ میں بھی بڑھ چڑھ کر کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
تقریب میں کئی سرکرہ پاکستانی امریکن شخصیات بھی شرکت کررہی ہیں جن میں ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے جاوید انور بھی شامل ہیں، آئل ٹائیکون جاوید انورنے نومنتخب صدر کی انتخابی مہم میں2 لاکھ ڈالر عطیہ کیے تھے جب کہ دیگر بڑے ری پبلکن رہنماؤں کی انتخابی مہم میں جاوید انور نے تقریباً ایک ملین ڈالر دیے تھے۔
وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دور صدارت میں ان سے کئی ملاقاتیں کرچکے ہیں اور عہدہ چھوڑنے کے بعد بھی یہ سلسلہ جاری رہا تھا،جاوید انور وہ واحد پاکستانی شخصیت ہیں جنہیں امریکا کےسابق صدر جارج بش ڈیڈی کہتے ہیں اور ان کی2 تصاویر بھی پینٹ کرچکے ہیں،جاوید انور سابق وزیراعظم عمران خان کے بھی انتہائی قریب ہیں اورانہوں نے نمل یونیورسٹی کیلئے بھی بڑی رقم عطیہ کی تھی۔
حلف برداری میں امریکن پاکستانی کاروباری شخصیت تنویر احمد بھی شریک ہوں گے،تنویر احمد ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس دونوں ہی کے قریب سمجھے جاتے ہیں، وہ ڈونلڈ ٹرمپ سے ان کے پہلے دور صدارت میں بھی مل چکے ہیں اور کملاہیرس کی صدارتی انتخابی مہم کی فنڈ ریزنگ میں بھی شریک تھے۔
تنویر احمد نے پاکستان میں نسٹ یونیورسٹی کو 9 ملین ڈالر کا عطیہ بھی کیا تھا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دورہ واشنگٹن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو تنویر احمد جیسے ہیروز پر فخر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : لندن : شریف برادران کو قتل کی دھمکیاں دینے والا ملزم گرفتار