(24 نیوز)بر صغیر پاک و ہند میں عظیم گلوکار مہدی حسن کا نام کسی تعارف کی محتاج نہیں، مرحوم کی آج 94ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔مہدی حسن کے لئے سب سے بڑا اعزاز وہ بے پناہ مقبولیت اور محبت تھی جو انھیں عوام سے ملی۔
تفصیلات کے مطابق غزل کے بادشاہ مہدی حسن18 جولائی 1927 کو بھارت کی ریاست راجھستان کے ایک گاؤں میں پیدا ہوئے۔برصغیر پاک و ہند میں مہدی حسن کی گائیگی بھارت اور پاکستان میں یکساں مقبول ہے اور بھارت کی ممتاز گلوکارہ لتا منگیشکر نے ایک بار مہدی حسن کی گائیگی کے حوالے سے کہا تھا کہ’ان کے گلے میں بھگوان بولتا ہے‘۔
1947 میں20سال کی عمر میں وہ اپنے خاندان کے ساتھ ہجرت کر کے پاکستان آ گئے اور چیچہ وطنی میں سائیکل مکینک کے طور پر کام کا آغاز کیا۔انہوں نے موسیقی کی تربیت اپنے والد استاد عظیم خان سے حاصل کی،1952 میں ریڈیو پاکستان کراچی سے گلوکاری کا باقاعدہ آغاز کیا۔60 کی دہائی میں فیض احمد فیض کی غزل ’گلوں میں رنگ بھرے‘ گائی جو پورے برصغیر میں ان کی پہچان بن گئی۔مہدی حسن نے اپنے شاندار کیرئیر کے دوران 25 ہزار سے زائد غزلیں، فلمی اورغیر فلمی گیت گائے۔ حکومت پاکستان ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں تمغہ امتیاز اور تمغۂ حسنِ کارکردگی سے بھی نواز چکی ہے۔استاد مہدی حسن13 جون 2012 کو کراچی کے ایک ہسپتال میں جہان فانی سے رخصت ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان کو کس اداکار کی نئی فلم بے حد پسند آ گئی۔۔؟