افغان حکومت نے اسلام آباد سے اپنے سفیر اور سفارتی عملے کو واپس بلالیا

Jul 18, 2021 | 21:46:PM

(24 نیوز)افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کے معاملے پر افغان حکومت نے اسلام آباد سے اپنا سفیر واپس بلا لیا، سفیر کے علاوہ دیگر سفارتی اہلکاروں کو بھی افغانستان واپس بلا لیا گیا ۔
افغان حکومت کی جانب سے افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ غوا کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز افغان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ پاکستان میں افغانستان کے سفیر نجیب اللہ علی خیل کی بیٹی کو گھر جاتے ہوئے اسلام آباد میں نامعلوم افراد نے اغوا اور تشدد کا نشانہ بنایا ہے ۔

افغان وزارت خارجہ نے کہاکہ سلسلہ علی خیل کو جمعہ کو نامعلوم افرا دنے اس وقت اغوا کیا جب وہ گھر جارہی تھی ، رہائی کے بعد ان کو ایک ہسپتال میں طبی نگہداشت کےلئے رکھا گیا ۔ بیان میں واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک شرمناک فعل قرار دیا گیا اور اس عمل پر تشویش کا اظہار کیا ۔

 بیان کے مطابق افغان حکومت کو اپنے سفارتکاروں ، ان کے خاندان کے ممبران اور دیگر سٹاف کی سکیورٹی پر تشویش ہے ۔ بیان میں پاکستانی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ سفارتکاروں ، ان کے خاندان اور دیگر کارکنوں کی حفاظت کےلئے بین الاقوامی قوانین کے مطابق اقدامات اٹھائے جائیں ۔ 

بیان کے مطابق واقعہ کو پاکستانی وزارت خارجہ کے ساتھ اٹھایاگیا ہے اور ان سے واقعہ میں ملوث افراد کی گرفتاری اور ان کو سزا دینے کا مطالبہ کیاگیا ہے ۔

 دریں اثنا واقعہ کے فوراً بعد اسلام آبا د پولیس اور دیگر قانون نافذ کر نے والے اداروں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تحقیقات شروع کیں اور مغوی سے واقعہ کے بارے میں معلومات بھی حاصل کیں تاہم سلسلہ علی خیل نے پولیس کو واقعہ سے متعلق زیادہ تفصیلات نہیں بتائیں اور کہاکہ انہیں کچھ یاد نہیں آرہا ہے ۔

معلوم ہوا ہے کہ سلسلہ علی خیل اپنے چھوٹے بھائی کےلئے تحفہ خریدنے کےلئے ٹیکسی میں بلیو ایریا گئی تھیں اور جب وہ واپس آرہی تھیں تو ایک نامعلوم شخص اس کی گاڑی میں بیٹھ گیا اور باتوں کے بعد ان پر تشدد شروع کر دیا ۔بعد میں ان کو ایف سیون کے قریب جہاں ان کی رہائش گاہ ہے چھوڑ دیا گیا تاہم ہوش میں آنے کے بعد وہاں موجود ایک شخص نے ان کو بتایا کہ یہ ایف سیون کاعلاقہ ہے ۔ 

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ان کے ہاتھوں اور پاﺅں کو باندھا گیا تھا ۔ہوش میں آنے کے بعد انہوں نے ٹیکسی لی اور گھر معلوم کر نے کےلئے ایف نائن پارک کے گیٹ نمبر تھری کے سامنے چلی گئیں اور وہاں سے حکمت نامی شخص کو فون کیا جو بظاہر سفارتخانے کا اہلکار لگتا تھا جو سر کاری گاڑی میں وہاں سے لے گئے ۔

 پولیس کے مطابق اس کے ڈوپٹہ کے ساتھ پچاس روپے کا نوٹ باندھ دیا گیا تھا جس پرتحریر میں ان کے والد کو کمیونسٹ کہا گیا ۔پولیس حکام کاکہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہے ۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کا نوٹس، 48 گھنٹوں میں ملزموں کو پکڑنے کا حکم

مزیدخبریں