(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ یہ عمران خان کی خواہش پر ہے کہ شہباز شریف کو کب فارغ کیا جائے ، اب شہباز شریف کو دباؤ میں لانا کوئی مسئلہ نہیں ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو بلوغت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اب سیاسی بحران کا خاتمہ کرنا ہوگا اور عام انتخابات میں جانا ہوگا ، اس کے سوا کوئی چارہ نہیں ، پرویز الٰہی کا وزارت اعلیٰ کا الیکش ہو جائے گا لیکن اس کے باوجود سیاسی استحکام نہیں آئے گا، وفاقی حکومت وینٹی لیٹر پر ہے ۔
فواد چودھری نے مزید کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی ملک کے کسی صوبے میں حکومت نہیں ، وفاق میں بھی سہاروں پر کھڑی ہے ، اب شہباز شریف کہاں کے وزیر اعظم رہ گئے ؟، عام انتخابات کب ہوں گے یہ فیصلہ بڑی جماعتوں کو کرنا ہے ۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے جن میں صوبائی حکومتی جماعت مسلم لیگ(ن) کو بد ترین شکست کامنہ دیکھنا پڑا ۔ غیر حتمی ، غیر سرکاری نتائج کے مطابق 20 نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف نے 15 نشستیں جیتیں ، مسلم لیگ (ن) کو صرف چار حصوں میں کامیابی ملی جبکہ ایک سیٹ آزاد امیدوار نے جیتی۔